روسی صدر پوتن چار دسمبر کو نئی دہلی پہنچیں گے: کریملن

روس کے سرکاری بیان کے مطابق ولادی میر پوتن اور انڈین وزیر اعظم نریندر مودی دو طرفہ تعلقات کے ’تمام پہلوؤں‘ سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

روسی سرکاری ایجنسی سپتنک کی جانب سے جاری کردہ  تصویر میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن 27 نومبر 2025 کو بشکیک میں روسی میڈیا سے بات چیت کر رہے ہیں (اے ایف پی)

کریملن نے جمعہ کو کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتن وزیراعظم نریندر مودی کی دعوت پر چارسے پانچ دسمبر تک انڈیا کا سرکاری دورہ کریں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنما روس اور انڈیا کے تعلقات کے ’تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال‘ کریں گے اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ انڈیا نے جمعے کو کہا کہ روسی صدر ولادی میر پوتن کے اگلے ہفتے نئی دہلی کے دورے سے دونوں ممالک کو اپنے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔

انڈیا کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ روسی صدر کے ’اس سرکاری دورے سے انڈیا اور روس کی قیادت کو ’خصوصی اور مراعات یافتہ سٹریٹجک شراکت داری‘ کو مضبوط بنانے کے لیے وژن طے کرنے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع ملے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فروری 2022 میں روس یوکرین جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہ پیوٹن کا انڈیا کا پہلا دورہ ہو گا۔ ان کا آخری دورہ دسمبر 2021 میں سالانہ سربراہی اجلاس کے لیے تھا، جس کی میزبانی دونوں ممالک باری باری کرتے ہیں۔ 

ایس 400 ایئر ڈیفنس سکواڈرنز کا حصول

اخبار کے مطابق توقع ہے کہ جب پانچ دسمبر کو وزیراعظم مودی اور پوتن اپنی ملاقات کریں گے تو انڈیا کی جانب سے پانچ اضافی ایس 400 ٹرائمف ایئر ڈیفنس سکواڈرنز کے حصول کی تجویز ایجنڈے کا حصہ ہو گی۔ اس کے ساتھ پہلے سے استعمال میں موجود ان سسٹمز کے لیے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کا ایک بڑا ذخیرہ بھی شامل ہے جو آپریشن ’سیندور‘ کے دوران مؤثر ثابت ہوئے تھے۔

تاہم اعلیٰ ذرائع نے اخبار کو بتایا کہ انڈیا نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ آیا روس کے پانچویں جنریشن کے سخوئی57 لڑاکا طیاروں کے دو سکواڈرن خریدے جائیں یا تین، جنہیں ماسکو امریکی ایف-35 لائٹننگ ٹو طیاروں کے متبادل کے طور پر پیش کرنے پر بھرپور زور دے رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا