پاکستان انڈونیشیا مذاکرات: متعدد شعبوں کی مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

معاہدوں کا یہ سلسلہ حلال تجارت، اعلیٰ تعلیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، صحت، آرکائیوز، منشیات کی روک تھام اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں پر محیط ہے۔

نو دسمبر 2025 کو پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر کی تقریب کے لیے موجود ہیں (پاکستان پرائم منسٹر آفس / اے ایف پی)

پاکستان اور انڈونیشیا نے منگل کو مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے۔

یہ معاہدے وزیراعظم ہاؤس میں ایک خصوصی تقریب کے دوران طے پائے، جس میں انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شرکت کی۔

تقریب میں دونوں ممالک کے وزرا اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی اور دستخط شدہ دستاویزات کا باضابطہ تبادلہ کیا۔

معاہدوں کا یہ سلسلہ حلال تجارت، اعلیٰ تعلیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار، صحت، آرکائیوز، منشیات کی روک تھام اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں پر محیط ہے۔

اعلیٰ تعلیم میں تعاون: ڈگریوں کی باہمی شناخت

پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور انڈونیشیا کی وزارتِ اعلیٰ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان ڈگریوں اور سرٹیفیکیٹس کی باہمی شناخت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور انڈونیشیا کے وزیر برائن یولیارٹو نے دستاویزات کا تبادلہ کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے طلبہ کو تعلیمی اسناد کی تصدیق میں نمایاں سہولیات حاصل ہوں گی۔

انڈونیشین ایڈ سکالرشپ پروگرام

ایک اور اہم معاہدہ ’انڈونیشین ایڈ اسکالرشپ پروگرام‘ سے متعلق تھا، جس کے تحت پاکستانی طلبہ کے لیے مزید تعلیمی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس معاہدے کی دستاویزات انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اور وزیر خالد مقبول صدیقی کے درمیان تبادلہ کی گئیں۔

حلال تجارت اور سرٹیفیکیشن میں تعاون

پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان حلال تجارت اور سرٹیفیکیشن کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے۔ اس حوالے سے انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان کے درمیان دستاویزات کا تبادلہ کیا گیا۔

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کے لیے سہولت کاری

چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے بھی اہم ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ پاکستان کے وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ نے اس معاہدے کی دستاویزات کا تبادلہ کیا۔ اس معاہدے سے دونوں ممالک میں ایس ایم ایز کے فروغ، تربیتی پروگراموں اور کاروباری اشتراک میں اضافہ متوقع ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آرکائیوز، منشیات کی روک تھام اور صحت کے شعبے میں تعاون

تقریب کے دوران دونوں ممالک نے آرکائیوز میں تعاون کے لیے بھی ایم او یو پر دستخط کیے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور انڈونیشیا کے وزیر خارجہ کے درمیان اس حوالے سے دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔

اسی طرح منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام اور اس کے خلاف مشترکہ اقدامات کے لیے بھی اہم ایم او یو طے پایا، جس کے تحت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو گا۔

صحت کے شعبے میں دونوں ممالک نے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں انڈونیشیا کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال کے درمیان دستاویزات کا تبادلہ ہوا۔

دوطرفہ تعلقات کے نئے دور کی بنیاد

حکام کے مطابق ان معاہدوں سے نہ صرف پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان معاشی، تعلیمی اور سماجی تعلقات میں اضافہ ہو گا بلکہ دونوں ممالک خطے میں پائیدار ترقی، علم کے تبادلے، سرمایہ کاری اور مشترکہ اقدام کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔

تقریب کا اختتام دونوں رہنماؤں کی جانب سے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کے اعادے کے ساتھ ہوا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان