بس سے اغوا کیے گئے بیشتر مسافر بازیاب: گھوٹکی پولیس

پیر کی رات گڈو کشمور روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کر کے متعدد مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔ بس مسافروں کے ساتھ صادق آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی۔

سندھ کے ضلع گھوٹکی میں اغوا کیے گئے بس مسافر پولیس کارروائی کے نتیجے میں بازیابی کے بعد دیکھی جا سکتے ہیں (طارق محمود)  

سندھ کے ضلع گھوٹکی میں پولیس نے کچے کے علاقے میں پیر اور منگل کی درمیانی شب بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا کیے گئے بیشتر مسافروں کو ڈاکوؤں کے قبضے سے بازیاب کروانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ مقابلے کے دوران دو مغوی زخمی بھی ہوئے۔

سندھ پولیس کے مطابق یہ کارروائی گڈو کشمور لنک روڈ سے اغوا کے واقعے کے بعد کی گئی، جس میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پیر کی رات گڈو کشمور روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کر کے  کئی مسافروں کو اغوا کرلیا تھا۔ بس 25 مسافروں کے ساتھ صادق آباد سے کوئٹہ جا رہی تھی۔

ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران نے میڈیا کو بتایا کہ بازیابی کچے کے علاقے سون میانی کے قریب عمل میں آئی، جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق ڈی آئی جی سکھر کی قیادت میں چار اضلاع کے ایس ایس پیز آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے اور کارروائی میں بکتر بند گاڑیوں، جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔

ایس ایس پی کے مطابق، ’شدید دھند کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم آپریشن جاری ہے۔ بازیاب کرائے گئے مسافروں میں سے دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اوباڑو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔‘

مقامی صحافی طارق محمود نے  انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ماضی میں بھی عام شہریوں کو اغوا کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم اس واقع میں ڈاکوؤں نے خواتین کو چھوڑ دیا تھا۔‘

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام بازیاب مغویوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے،۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان