صدر ٹرمپ ’جھوٹے اور خود پسند‘ شخص ہیں: بھتیجی کا دعویٰ

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کی بھتیجی میری ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ان کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا ہے۔

میری، ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بھائی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی صاحبزادی ہیں (تصاویر: فیس بک/ اے ایف پی)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی میری ٹرمپ نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں امریکی صدر کو ایک ’جھوٹ بولنے والا اور خود پسند‘ شخص قرار دیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے اپنے فوری ردعمل میں میری ٹرمپ کی کتاب ’ٹو مچ اینڈ نیور اینف: ہاؤ مائے فیملی کریٹڈ دا ورلڈز موسٹ ڈینجرس مین‘ کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کتاب کی اشاعت کو روکنے کے لیے جاری قانونی جنگ کے باوجود میری ٹرمپ کی یہ یادداشت 14 جولائی کو شائع ہو گی جو پہلے ہی ایمازون پر ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے والی کتاب بن چکی ہے۔

منگل کو ’نیویارک ٹائمز‘ میں شائع ہونے والی ان کی کتاب کے اقتباسات کے مطابق: ’ٹرمپ کے نزدیک دھوکہ اور فریب زندگی گزارنے کا اہم راستہ ہے۔‘

ماہر نفسیات میری ٹرمپ نے اپنے چچا پر پر الزام لگایا کہ وہ ’گھمنڈ اور خود ساختہ جہالت‘ کا شکار ہیں۔

میری نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام لگایا کہ انہوں نے ایس اے ٹی (SAT) سے قبل کالج کا امتحان دینے کے لیے کسی اور کو ادائیگی کی تھی تاکہ وہ پنسلوینیا یونیورسٹی کے وارٹن بزنس سکول میں داخلہ لے سکیں۔

تاہم وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی سیکرٹری سارہ میتھیوز نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا: ’ایس اے ٹی کا بے جا الزام مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہے۔‘

واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 240 صفحات پر مشتمل کتاب میں میری نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے یہ خصوصیات اپنے ’سوشیوپیتھ‘ (Sociopath) والد فریڈ ٹرمپ سے حاصل کیں جنہوں نے تکلیف دہ گھریلو زندگی گزاری تھی۔

سارہ میتھیوز نے جواب میں کہا: ’ان (صدر ٹرمپ) کا کہنا ہے کہ ان کے والد بچپن میں ان سے پیار کرتے تھے اور ان پر سختی نہیں کرتے تھے۔‘

امریکی صدر کے چھوٹے بھائی رابرٹ ٹرمپ کتاب کی اشاعت کو روکنے کی قانونی کوشش یہ دعویٰ کرتے ہوئے کر رہے ہیں کہ میری ٹرمپ اپنے دادا کی جائیداد کے تصفیے کے بعد 2001 میں خاندانی راز افشا نہ کرنے کے حوالے سے کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گذشتہ ہفتے نیویارک کی ایک عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ اشاعتی ادارے ’سائمن اینڈ شسٹر‘ کو یہ یادداشت جاری کرنے کی اجازت ہے کیوں کہ وہ اس معاہدے کا فریق نہیں تھا۔

میری، ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بھائی فریڈ ٹرمپ جونیئر کی صاحبزادی ہیں، جو 1981 میں شراب نوشی سے متعلق پیدا ہونے والی طبی پیچیدگیوں کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق میری لکھتی ہیں کہ ان کے چچا ’خود پسند‘ شخص ہونے کے تمام طبی معیارات کو پورا کرتے ہیں۔

سارہ میتھیوز نے اس کے جواب میں کہا: ’اگرچہ میری ٹرمپ اور ان کے پبلشر عوامی مفاد میں کام کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس کتاب کے حوالے سے ان کے مالی مفاد واضح ہیں۔‘

اس سے قبل صدر ٹرمپ کے سابق معاون اور قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن بھی اپنی کتاب میں انہیں بدعنوان اور نااہل قرار دے چکے ہیں جبکہ امریکی صدر نے اس کتاب کو افسانہ قرار دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ