امریکی سیاسی جماعتوں کے نشان گدھا اور ہاتھی کیوں؟ 

دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر ان جانوروں کو لے کر تنقید بھی کرتی ہیں۔ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ ہاتھی کا مطلب سرکس کا جانور ہے جب کہ ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ گدھے کا کا مطلب ضدی ہونا ہے۔ 

فرض کریں کہ پاکستان میں کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کا انتخابی نشان گدھا ہوتا تو اس کا بہت مذاق اڑایا جاتا۔ اگرچہ گدھا بھی باقی جانوروں کی طرح ہے اور شاید اس کی افادیت بھی دوسرے جانوروں کی ہی طرح ہے مگر گدھے کو کم عقلی کا استعارہ سمجھا جاتا ہے۔ 

کوئی اور کم عقلی کی بات کرتا ہے تو عام گفتگو میں اسے گدھا کہا جاتا ہے اور اگر کسی کو گالی دینی ہو تو بھی گدھے کا استعمال کیا جاتا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ میں بھی گدھے کو بطور گالی استعمال جاتا ہے۔

تو ایسی صورت حال میں اگر کسی کا انتخابی نشان گدھا ہو تو آپ تصور کر سکتے ہیں کہ اس کے ساتھ کیا ہو گا۔ 

مگر امریکہ میں دو بڑی سیاسی جماعتوں میں سے ایک کا انتخابی نشان گدھا ہے اور اس جماعت کا تمسخر نہیں اڑایا جاتا۔ 

ڈیموکریٹک جماعت کا جماعتی نشان گدھا ہے جب کہ ریپبلکن جماعت کا جماعتی نشان ہاتھی۔  

ان دونوں جماعتوں نے ان جانوروں کو بطور جماعتی نشان کے کیوں چنا اور ان جانوروں کا مطلب کیا ہے، آئیے آپ کو بتاتے ہیں۔

19ویں صدی کے اوائل میں ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار اینڈریو جیکسن کو ان کے ناقدین ’جیک ایس‘ (گدھا) کہا کرتے تھے۔ اینڈریو جیکسن نے بظاہر تنقید کے طور پر استعمال ہونے والے اس لفظ کو ہی اپنا لیا اور اپنی انتخابی مہم میں گدھے کے خاکوں کا استعمال شروع کر دیا، مگر ڈیموکریٹک پارٹی میں باضابطہ طور پر اس خاکے کو نہیں اپنایا گیا تھا۔ 

چار دہائیاں گزرنے کے بعد (1874) امریکی کارٹونسٹ تھامس ناسٹ امریکی سیاست کو ایک سرکس سمجھتے تھے اور دونوں بڑی پارٹیوں پر اپنے طنزیہ خاکوں کے ذریعے تنقید کیا کرتے تھے۔ ان ہی کے ایک کارٹون جس میں دونوں جماعتوں کو گدھے اور ہاتھی کی طرح دکھایا گیا اتنا مشہور ہوا کہ ریپبلکن پارٹی نے باضابطہ طور پر اسے اپنا جماعتی نشان بنا لیا جب کہ ڈیموکریٹس نے باضابطہ طور پر گدھے کو جماعتی نشان کا درجہ تو نہیں دیا مگر ہر جگہ ان کی جماعت کے ساتھ۔ گدھے کے خاکے کو استعمال کیا جاتا ہے۔ 

اگر آپ ڈیموکریٹک پارٹی کی ویب سائٹ پر جائیں تو آپ کو گدھے کا نشان کہیں بھی نظر نہیں آئے گا جب کہ ریپبلکن پارٹی کی ویب سائٹ پر ہاتھی کا نشان ہر جگہ نظر آتا ہے۔ 

ڈیموکریٹس کے مطابق گدھے کے خاکے کا مطلب مشکل کام کرنا، محنت، عاجزی اور امریکہ کے لیے وفاداری ہے جب کہ ریپبلکنز کے مطابق ہاتھی کے نشان کا مطلب ذہانت، طاقت اور وقار ہے۔ 

دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر ان جانوروں کو لے کر تنقید بھی کرتی ہیں۔ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ ہاتھی کا مطلب سرکس کا جانور ہے جب کہ ریپبلکنز کا کہنا ہے کہ گدھے کا مطلب ضدی ہونا ہے۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ