بابر کے زخمی ہونے سے پاکستان کو متبادل کپتان اور اوپنر کا نیا مسئلہ

پاکستان کے لیے دورہ نیوزی لینڈ میں مشکلات کا سلسلہ جاری ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے طویل قرنطینہ کے بعد اب کھلاڑی ان فٹ ہونے لگے۔

بابر اعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گیا (اے ایف پی)

پاکستان ٹیم کے لیے دورہ نیوزی لینڈ میں مشکلات کا سلسلہ جاری ہے۔ پہلے کرونا (کورونا) وائرس کے مثبت ٹیسٹس کے بعد طویل قرنطینہ نے ٹیم کو ذہنی اذیت سے دوچار رکھا اب وہیں کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کی خبروں نے کیمپ کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔

ٹیم کو نیا دھچکا اتوار کو کپتان بابر اعظم کے زخمی ہونے کی صورت میں لگا جب عالمی رینکنگ کے دوسرے بہترین بلے باز کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا پریکٹس سیشن کے دوران زخمی ہو گیا۔ انہیں 12 روز کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے، جس کا مطلب وہ دونوں ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

بابر کے زخمی ہونے کے باعث ٹیم کی بیٹنگ شدید متاثر ہوسکتی ہے۔ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان بھی مکمل فٹ نہیں۔ ان کی دیرینہ تکلیف پاؤں میں کھچاؤ پھر پلٹ کر آ گئی ہے، جس کے باعث ان کی شرکت پہلے ہی مشکوک تھی۔ اگر وہ فٹ نہیں ہوتے تو ان کا کھیلنا بھی ناممکن ہے۔ ایک اور کھلاڑی اور اوپنر امام الحق بھی گروئن انجری کا شکار ہونے کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

بابر کے زخمی ہونے کے بعد کپتانی کے لیے ٹیم مینجمنٹ کسے منتخب کرتی ہے اس کا اعلان نہیں کیا گیا البتہ ٹیم میں سابق کپتان سرفراز احمد موجود ہیں اور وہ ماضی قریب میں کپتان رہے ہیں، اس لیے وہ سب سے موزوں امیدوار ہو سکتے ہیں لیکن سرفراز اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے درمیان مبینہ تناؤ کے باعث ممکن ہے کہ وہ کپتان نہ بننا چاہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایسی صورت میں قرعہ فال سینیئر آل راؤنڈر محمد حفیظ کے نام نکل سکتا ہے جو کئی مواقع پر عارضی کپتان رہ چکے ہیں۔

کپتانی کون کرے گا؟ اس کا فیصلہ میمنجمنٹ جلد ہی کرلے گی لیکن اس مشکل ترین دورے پر بابر کے نہ ہونے کا بہت زیادہ فرق پڑےگا کیونکہ انہوں نے ٹیم کی بیٹنگ کا بوجھ سنبھال رکھا تھا۔

پاکستان کے لیے اوپننگ کا شعبہ خاصا متاثر ہوگا کیونکہ فخر زمان کے نہ ہونے سے پہلے ہی دوسرے اوپنر کی تلاش تھی۔ اب پاکستان کو مزید ایک اور اوپنر کو ذہنی طور پر تیار کرنا ہوگا۔عبداللہ شفیق اور محمد رضوان اس صورتحال میں اوپننگ کرسکتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل