وائرس کی نئی قسم: سعودی عرب میں داخلے پر پابندی میں توسیع

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے خلاف احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، جو متعدد ممالک میں سامنے آیا ہے۔

برطانیہ میں وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے 21 دسمبر کو    تمام فضائی، سمندری اور زمینی راستوں سے ملک میں  ہونے والے داخلوں کو معطل کر دیا تھا (فائل تصویر: اے ایف پی)

سعودی عرب نے پیر کو کہا ہے کہ وہ فضائی، زمینی اور سمندری راستے سے ملک میں داخلے پر پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر رہا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کرونا (کورونا) وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے خلاف احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے، جو متعدد ممالک میں سامنے آیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں غیر معمولی کیسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا اور غیر سعودی شہریوں کو مملکت چھوڑنے کی اجازت ہے۔

بیان کے مطابق سعودی وزارت موجودہ صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے اور اگر ضروری ہوا تو ان پابندیوں میں مزید توسیع کی جاسکتی ہے۔

کرونا وائرس کی نئی قسم سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آئی تھی اور یہ مشرق وسطیٰ سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں پہنچ چکی ہے۔

اتوار کو اردن میں برطانیہ سے آنے والے ایک شخص اور ان کی بیوی کے وائرس کی اس مخصوص قسم سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل لبنان نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ لندن سے پہنچنے والی پرواز میں وائرس کی اس نئی قسم کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

نئے وائرس کے نتیجے میں 50 سے زیادہ ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کردی تھیں۔

 یہ قسم وائرس کی پہلی قسم کے مقابلے میں زیادہ جلدی پھیل سکتی ہے۔ یاد رہے کہ یورپ میں اب تک کرونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا