امریکہ کے سابق نائب صدر مائیک پینس بے گھر ہو گئے

اطلاعات کے مطابق سابق نائب صدر مائیک پینس کے پاس سرکاری رہائش گاہ چھوڑنے کے بعد رہنے کے لیے مستقل ٹھکانہ نہیں۔

کولمبس میں پلے بڑھے پینس کے پاس کم از کم گذشتہ آٹھ سال سے انڈیانا میں اپنا گھر نہیں۔ (اے ایف پی)

اطلاعات کے مطابق امریکہ کے سابق نائب صدر مائیک پینس کے پاس، جو ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار کے آخری دنوں میں نمایاں ہوگئے تھے، سرکاری رہائش گاہ چھوڑنے کے بعد رہنے کے لیے مستقل ٹھکانہ نہیں ہے۔ وہ واشنگٹن میں واقع امریکی بحریہ کی رصد گاہ میں مقیم تھے۔

اگرچہ اپنے الوداعی خطاب میں پینس نے اعلان کیا تھا کہ وہ موسم گرما میں آبائی ریاست انڈیانا واپس چلے جائیں گے لیکن انہوں نے اس حوالے سے تفصیل نہیں بتائی کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ ٹھیک کس جگہ جائیں گے۔ امریکی آن لائن جریدے بزنس انسائیڈر کی ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت سابق صدر اور ان کی اہلیہ ’بوریا بستر‘ اٹھائے مختلف حکام کی رہائش گاہوں پر قیام میں مصروف ہیں۔

ایک ذریعے نے نیوز پورٹل کو بتایا کہ پینس اور ان کی اہلیہ انڈیانا کے گورنر ایرک ہولوکومب کے کیبن میں مقیم ہیں، جسے وہ گوشہ نشینی کے لیے استعمال کر رہے ہیں جب کہ سابق نائب صدر کے قریبی رپبلکن پارٹی کے دو رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پینس اور ان کی اہلیہ ریاست اوہائیو کے دارالحکومت کولمبس میں پینس کے بھائی کے مکان میں رہ رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینس، جو کولمبس میں پلے بڑھے، ان کے پاس کم از کم گذشتہ آٹھ سال سے انڈیانا میں اپنا گھر نہیں۔ وہ انڈیانا سے منتخب ہو کر 2001 سے 2013 تک کانگریس کے رکن اور2013 سے2017 تک ریاست کے گورنر رہے۔ پینس2017 میں واشنگٹن میں امریکی بحریہ کی زمین پر بنی نائب صدر کی سرکاری رہائش منتقل ہونے سے پہلے انڈیانا پولس میں گورنر کی رہائش گاہ میں مقیم تھے۔

بعض رپبلکن رہنماؤں نے بزنس انسائیڈر کو بتایا کہ پینس کہاں مقیم ہیں اس حوالے سے معلومات کی عدم دستیابی کی ایک وجہ ان کی سلامتی کے حوالے سے پائی جانے والی تشویش بھی ہے، جس کا سبب امریکی کانگریس کی عمارت پر حال ہی میں ہونے والی چڑھائی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قبل ازیں رواں ماہ ڈیموکریٹک رکن کانگریس جیمی رسکن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ چھ جنوری کو جس ہجوم نے کیپیٹل ہل پر دھاوا بولا، وہ مائیک پینس اور ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کو قتل کرنا چاہتا تھا۔

حقیقت میں کیپیٹل کے محاصرے کے دوران بلوائی، جن میں بعض نے نعرہ لگایا کہ ’مائیک پینس کہاں ہیں؟‘ اور’مائیک پینس کو پھانسی دو‘ ان سے 100 فٹ کی دوری پر پہنچ گئے تھے۔

ان حالات میں کہ جب پینس اور ان کی اہلیہ واشنگٹن سے باہر واقع رہائش گاہ میں قیام پذیر ہو چکے ہیں، وہ مزید چھ ماہ تک خفیہ ادارے کی طرف سے فراہم کیے جانے والے تحفظ میں رہیں گے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ