پاکستانیوں کے لائیکس: ’یہودیوں کی حفاظت‘ کے لیے فیس بک پیج ختم 

اسرائیل اور یہودیوں کی حمایت کے لیے بنے پیج ’یروشلم پریئر ٹیم‘ کے حوالے سے پاکستانی صارفین کی شکایات۔ فیس بک سے پیج ہی ختم کر دیا گیا۔

فیس بک پر ڈیلیٹ شدہ پیج کا سکرین شاٹ

گذشتہ ہفتے سے فیس بک پر ’یروشلم پریئر ٹیم‘ (Jerusalem Prayer Team) نامی ایک پیج کے حوالے سے کئی پاکستانی صارفین شکایت کر رہے تھے کہ انہوں نے اس پیج کو لائیک نہیں کیا لیکن پھر بھی ان کے پروفائل سے یہ پیج لائیک ہوا نظر آ رہا ہے۔ 

کچھ صارفین کا الزام تھا کہ فیس بک جان بوجھ کر اس پیج کو لائیکس دے رہا ہے، مگر اب اس پیج کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔

یہ واضح نہیں کہ اس پیج کو خود فیس بک نے ہٹایا یا اس کے مالکان نے خود اسے بند کر دیا۔ 

کچھ پاکستانی صارفین کا کہنا تھا وہ اسرائیل اور یہودیوں کی حمایت کے لیے بنے اس پیج کو کبھی لائیک نہ کرتے مگر ان کے پروفائل سے اس پیج کا لائیک ہونا بظاہر فیس بک کی پالیسی نظر آتا ہے۔

اس ضمن میں ایکسپریس ٹریبیون اخبار نے سوال اٹھایا کہ ’کیا فیس بک اسرائیلی بیانیے کو فروغ دے رہا ہے؟‘ 

اب جب کہ اس پیج کو بند کر دیا گیا ہے تو انڈپینڈنٹ اردو نے جاننے کی کوشش کی کہ ایک اس پیج پر بڑی تعداد میں پاکستانیوں کے لائیکس کے پیچھے محرکات کیا تھے؟ 

پیج کا مقصد کیا ہے؟ 

مذکورہ پیج کے سات کروڑ 61 لاکھ سے زیادہ لائیکس تھے اور پیج کے مطابق اس کا مقصد ’صیہونی دوستوں (عیسائیوں) کا ایک ایسا گروہ بنانا ہے جس کے ذریعے یہودیوں کی حفاظت کی جا سکے اور اور یروشلم کے امن کے لیے دعا کی جا سکے۔‘

اس تنظیم کے بانی مائیکل ڈی ایونز ایک عیسائی اور پیشے کے اعتبار سے خود کو مصنف، صحافی اور مذہبی پیشوا (منسٹر) کہتے ہیں۔ 

اس تنظیم کی ویب سائٹ کے مطابق وہ 10 کروڑ افراد تک اپنے پیغام کو پہنچانا چاہتے ہیں جو کہ ان کا عیسائی عقیدے کے مطابق مذہبی فرض ہے۔ 

یہ پیج 14 جنوری، 2010 کو بنایا گیا تھا کہ اور اسے چلانے والوں میں سے 13 افراد امریکہ جب کہ 2 افراد اسرائیل میں رہتے ہیں۔

تنظیم کا دفتر امریکی شہر فینیکس میں ہے۔ پیج کی کور فوٹو پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو کی تصویر موجود ہے۔ 

یہ تنظیم چندے پر چلتی ہے اور گذشتہ ماہ اس نے بیت المقدس میں ہولوکاسٹ میں بچنے والے یہودیوں کے لیے فائیو سٹار گیسٹ ہاؤس کا افتتاح کیا تھا۔ 

اس پیج کو پاکستانیوں نے کیسے لائیک کیا؟ 

بیشتر پاکستانی صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس پیج کو لائیک نہیں کیا پھر بھی ان کے پروفائل میں پیج لائیک ہوا نظر آ رہا ہے۔

اس کے لیے وہ فیس بک کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں کہ فیس بک نے خود ہی اس پیج کو لائیکس دیے۔ 

اس سوال کا کوئی حتمی جواب نہیں دیا جا سکتا مگر ہماری تحقیق کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستانی صارفین نے خود اس پیج کو لائیک کیا ہو، یہ نہ جانتے ہوئے کہ اس پیج کا مقصد کیا ہے۔ 

10 کروڑ صارفین تک پہنچنے کے لیے یہ پیج فیس بک پر بڑی تعداد میں اشتہاری مہم چلا رہا تھا۔

نو فروری، 2021 کو اس پیج نے ایک بہت بڑی اشتہاری مہم کا آغاز کیا، جس کا ہدف پاکستانی صارفین بھی تھے۔

اس مہم کے ذریعے 43 اشتہار چلانا شروع کیے گئے جو کہ پیج کو ہٹائے جانے تک فعال تھے۔

ان 43 اشتہاروں کے مختلف ورژن تھے اور یوں ان اشتہاروں کی تعداد 160 تک پہنچ گئی تھی۔ 

ان اشتہاروں کا مواد مذہبی تھا اور کئی اشتہارات کو مبہم رکھا گیا تھا جس سے اشتہار دیکھنے والے کو یہ پتا نہیں چل پاتا کہ اشتہار کا مقصد کیا ہے۔

ایک اشتہار میں ایک خاتون کا خاکہ تھا اور ساتھ ایک عبارت درج تھی: ’یا خدا! مجھے ایسا دل عطا فرما جیسا کہ تیرے پاس ہے۔ آمین۔‘ 

 

اسی طرح ایک اور اشتہار میں لکھا گیا تھا کہ ’خدا ہی مجھے سب کچھ دیتا ہے اور میں ہر چیز کے لیے اسی پر اعتبار کرتا ہوں۔ آمین۔‘ 

ان اشہتارات میں کسی مذہب کا ذکر نہیں اور ان اشہارات کو کسی بھی مذہب سے جوڑا جا سکتا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاید یہی وجہ ہے کہ بیشتر پاکستانیوں نے ان اشتہاروں کی بنیاد پر اس پیج کو لائیک کیا ہو۔ 

اگر کوئی صارف یہ جاننا چاہتا ہے کہ اس نے اس پیج کو کب لائیک کیا تو وہ باآسانی فیس بک پر اپنے ’ایکٹیویٹی لاگ‘ میں جا کر دیکھ سکتا ہے کہ اس نے کس دن اور کس وقت اس پیج کو لائیک کیا۔ 

فیس بک کا موقف؟ 

اس پیج کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستانی صارفین کے فیس بک پر الزامات کے بعد ہم نے فیس بک سے رابطہ کیا لیکن چار دن گزرنے اور یاد دہانی کے باوجود ابھی تک فیس بک سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی