’کیا مطلب ایکس؟ آپ دونوں تو صرف اچھے دوست نہیں تھے؟‘

ماضی میں ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی دوستی اور اس کے بعد ان کے تعلقات میں تناؤ میڈیا کی بحث کا حصہ رہے اور تعلقات ختم ہونے کے بعد توقع تھی کہ یہ موضوع ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے۔

(تصاویر: عاصم اظہر اور ہانیہ عامر انسٹاگرام کاؤنٹس)

پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ’ڈمپل گرل‘ کے نام سے مشہور اداکارہ ہانیہ عامر اور معروف گلوکار عاصم اظہر کی دوستی اور اس کے بعد ان کے تعلقات میں تناؤ ماضی میں میڈیا کی بحث کا حصہ رہے اور تعلقات ختم ہونے کے بعد توقع تھی کہ یہ موضوع ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا ہے، لیکن ایسا نہیں ہے اور اب یہ دونوں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔ 

گلوکارہ آئمہ بیگ کے ساتھ گذشتہ برس جولائی میں ایک لائیو سیشن کے دوران ہانیہ عامر نے انکشاف کیا تھا کہ وہ اور عاصم اظہر کسی بھی رومانوی بندھن میں بندھے ہوئے نہیں ہیں بلکہ صرف اچھے دوست ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس خبر کے وائرل ہونے کے بعد ہانیہ عامر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی تھی جس میں انہوں نے عاصم اظہر کے ساتھ گزارے وقت کو زندگی کا ایک خوبصورت حصہ قرار دیا تھا۔

اس پوسٹ کے بعد مداحوں نے عاصم اظہر پر سوالات کی بوچھاڑ کر دی تھی۔

جواباً عاصم اظہر نے بھی ہانیہ عامر والا موقف ہی اپناتے ہوئے مداحوں کو بتایا تھا کہ ان دونوں کا تعلق کسی نام کا محتاج نہیں اور لوگوں کی سمجھ بوجھ سے بالاتر ہے۔ ’تیرا وہ پیار‘ کے گلوکار نے یہ بھی لکھا کہ ’زندگی کے کسی بھی موڑ پر اگر ہانیہ کو میری ضرورت پڑی تو میں ان کے لیے موجود ہوں گا۔‘ ہانیہ اور عاصم نے بعد ازاں ان پوسٹس کو ڈیلیٹ کر دیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم سوشل میڈیا صارفین نے حسب معمول اس موقع کو غنیمت جان کر عاصم سے متعلق میمز بنانا شروع کر دی تھیں۔

اس واقعے کے بعد توقع تھی کہ یہ کہانی یہیں ختم ہو گئی ہے مگر اب ایک بار پھر سوشل میڈیا پر دونوں ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ اس تحریر کے لکھے جانے تک ٹوئٹر پر ہانیہ عامر کے متعلق 11 ہزار سے زائد جبکہ عاصم اظہر کے متعلق نو ہزار ٹویٹس کی جا چکی ہیں۔

آخر یہ دونوں ٹرینڈ کیوں کر رہے ہیں؟ اس کی وجہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

پانچ جون کو ہانیہ عامر نےاپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گلوکار و اداکار عاشر وجاہت کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ دوںوں ایک ساتھ تھے جس پر ہانیہ عامر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اب وہ ویڈیو ہانیہ عامر نے ڈیلیٹ کر دی ہے۔

ہانیہ عامر پر سوشل میڈیا پر جاری اسی تنقید کے دوران عاصم اظہر نے ٹویٹ کی: ’بال بال بچ گئے، الحمداللہ‘۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ کو کسی سے منسوب نہیں کیا مگر سوشل میڈیا صارفین نے اس پوسٹ کو ہانیہ عامر سے منسوب کردیا۔

دوسری جانب ہانیہ عامر نے بھی ٹوئٹر پر ہی ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’یا تو آپ کوئی مشہور شخصیت ہو سکتے ہیں یا پھر ایک تلخ ایکس (سابق محبوب)، جس میں وقار نام کی کوئی چیز نہ ہو ۔‘

ہانیہ نے بھی اس پوسٹ میں کسی کو براہِ راست مخاطب نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد ہانیہ اور عاصم کے مداح سوشل میڈیا پر آمنے سامنے آگئے اور اپنی اپنی پسندیدہ شخصیات کے حق میں ٹویٹس کرنے لگے۔

احسن زبیر نے ہانیہ کی ٹویٹ کے جواب میں سوالیہ ٹویٹ میں ہانیہ کو ان کے ماضی کے بیان کو یاد دلایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ اور عاصم اظہر صرف ایک اچھے دوست تھے۔ احسن زبیر نے سوال کیا کہ ’کیا مطلب ایکس؟ آپ دونوں تو صرف اچھے دوست نہیں تھے؟‘

ایک اور صارف مومنہ نواز نے عاصم اظہر کی طرف داری کرتے ہوئے کہا کہ ’ہانیاؤں سے بھری اس دنیا میں عاصم اظہر بنیں۔‘

معاذ احمد نے اپنی ٹویٹ میں ہانیہ عامر کی انسٹاگرام پوسٹ پر طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’جب آپ کا ہمدردی حاصل کرنے کا پینترا آپ کے ہی گلے پڑ جائے۔‘

عاصم اظہر کے اس بیان کے بعد ہانیہ اور ان کے مداحوں کے ساتھ ساتھ فہد مصطفیٰ اور علی ظفر بھی اس لفظی جنگ میں اپنا حصہ ڈالتے نظر آئے۔ زیادہ تر شخصیات نے ہانیہ عامر کے دفاع میں کی تو عاصم اظہر نے بھی ٹوئٹر پر ایک طویل پوسٹ شیئر کر ڈالی، جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’ایک طویل عرصہ تک مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور میمز بنائی جاتی رہیں، اس وقت یہ تمام لوگ کہاں تھے؟ مجھ پر کیچڑ اچھالنے والے آج خود مظلوم بن رہے ہیں۔‘

اس کے بعد ہانیہ عامر نے ایک پوسٹ میں تحریر کیا کہ عورت سے نفرت کرنے والے معاشرے میں گزارا گیا ایک اور دن۔ انہوں نے لکھا کہ ’ہم ایک منافق معاشرے میں رہتے ہیں جس میں اگر مرد کوئی برائی کرتا ہے  تو اسے کچھ نہیں کہا جاتا مگر جب ایک لڑکی اپنے کسی پیارے سے پیار کا اظہار کرتی ہے تو اسے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔‘

آج (پیر کو) شیئر کی گئی اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میں آخری مرتبہ کہہ رہی ہوں یہ ’ایکس بمقابلہ ایکس‘ نہیں ہے بلکہ غلط اور صحیح کے فرق کی بات ہے۔ مجھے شکایت اس بات پر ہے کہ کیسے ایک خاتون کو تضحیک کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ’معروف شخصیت‘ اس کو مذاق میں لیتی ہے۔ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو کیا سکھا رہے ہیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ