کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ  نادرا سے کیسے حاصل کیا جا سکتا ہے؟

دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کرونا ویکسینیشن آہستہ آہستہ لازمی قرار دیے جانے کا امکان بڑھ رہا ہے جیسا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ یعنی بی آرٹی میں سفر کرنے کے لیے یکم اگست سے مسافروں کو کرونا ویکسین لگوانے کا سرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

پاکستان بھر میں کرونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے جس کے لیے  ہسپتالوں میں ویکسینیشن سنٹرز سمیت اب موبائل ویکسین مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں18 سال سے زائد افراد جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

کرونا سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کو آہستہ آہستہ لازمی قرار دیے جانے کا امکان بڑھ رہا ہے جیسا کہ پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ یعنی بی آرٹی میں سفر کرنے کے لیے یکم اگست سے مسافروں کے لیے کرونا ویکسین لگوانے کا سرٹیفیکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔

آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ یہ سرٹیفیکٹ کیا ہے، اس کی اہمیت کیا ہے اور آپ یہ سرٹیفیکیٹ کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔

جب سے کرونا ویکسینیشن کا عمل شروع ہوا ہے، تب سے شاید آپ لوگوں نے کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ کا نام سنا ہوگا یا شاید کسی جگہ پر جا کر آپ سے  یہ سرٹیفکیٹ مانگا گیا ہو۔

آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ یہ سرٹیفیکیٹ کیا ہے، اس کے بنانے کا مقصد کیا ہے اور یہ سرٹیفیکیٹ آپ کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔

کرونا  سرٹیفیکیٹ کیا ہے؟

کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی یعنی نادرا کی جانب سے جاری شدہ ایک سرٹیفیکیٹ ہوتا ہے جو اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ آپ کرونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔ اس سرٹیفیکیٹ پر آپ کا نام، پتہ ، شناختی کارڈ نمبر سمیت یہ تفصیل بھی درج ہوتی ہے کہ آپ نے کس کمپنی کی  ویکسین کس تاریخ کو لگوائی ہے۔

اسی طرح اس سرٹیفییکیٹ پر یہ تفصیل بھی لکھی ہوتی ہے کہ یہ ویکسین آپ نے پاکستان کے کس ویکسین مرکز میں لگوائی ہے جب کہ ویکسین سرٹیفیکیٹ پر آپ کی تصویر سمیت ایک بار کوڈ بھی ہوتا ہے جو کوئی بھی سکین کر کے سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کر سکتا ہے۔

سرٹیفکیٹ کہاں سے اور کیسے حاصل سکتے ہیں؟

کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ نادرا کی جانب سے جاری کیاجاتا ہے۔ نادرا نے اس مقصد کے لیے  ویب سائٹ  بنائی ہوئی ہے جہاں کوئی بھی شخص اپنے موبائل فون یا کمپیوٹر سے جا کر ’کرونا سرٹیفیکیٹ‘ کے بٹن پر کلک کر کے اسے جاری کروا سکتا ہے۔

کرونا سرٹیفیکیٹ بٹن پر کلک کرنے کے بعد سکرین پر آپ سے کچھ بنیادی معلومات جیسا کہ  شناختی کارڈ نمبر، شناختی کارڈ کی تاریخ اجرا اور  موبائل نمبر مانگا جائے گا، اسی طرح اس سکرین پر آخر میں آپ سے ایک آسان سا دو ہندسوں کے جمع کرنے کا سوال پوچھا جائے گا۔

یہ معلومات دینے کے بعد سکرین کے آخر میں ’تصدیق کریں‘ کا بٹن دبائیں ۔ تصدیق کا بٹن دبانے کے بعد  آپ سے شناختی کارڈ  کے مطابق آپ کا نام پوچھا جائے گا جب کہ ایک خانہ پاسپورٹ نمبر کا ہے۔ اگر آپ کے پاس پاسپورٹ موجود نہیں ہے تو آپ یہ خانہ خالی چھوڑ سکتے ہیں۔

اسی سکرین پر قومیت کا ایک خانہ نظر آتا ہے۔ قومیت کی معلومات درج کرنے کے بعد ’تصدیق کریں‘ پر کلک کریں۔

سرٹیفیکیٹ کے لیے پیسے جمع کرنے کا مرحلہ

تصدیق کے بٹن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو سکرین پر پیسے جمع کروانے کا آپشن نظر آئے گا۔ یاد رہے کہ نادرا کی جانب سے اس سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے 100 روپے جمع کروانا لازمی ہے۔ اس مرحلے پر اگر آپ کے پاس کسی بھی پاکستانی بینک کا ڈیبٹ یا اے ٹی ایم کارڈ موجود ہے تو اس کی مدد سے آپ آن لائن پیسے جمع کروا سکتے ہیں۔

سکرین پر آپ سے آپ کا اے ٹی ایم کارڈ نمبر، کارڈ کی تاریخ تنسیخ ، کارڈ کے مطابق آپ کا نام، ای میل، صوبے کا نام، شہر کا نام اور پوسٹل کوڈ  مانگا جائے گا۔ ضروری معلومات فراہم کرنے کے بعد آپ 'سبمٹ' کا بٹن دبائیں گے۔ اس کے بعد اگلا مرحلہ آپ کو تصدیقی کوڈ آنے کا ہے۔

سبمٹ کا بٹن دبانے کے بعد آپ کو تین آپشنز دیے جائیں گے جس میں پوچھا جائے گا کہ آپ کارڈ سے پیسوں کی کٹوتی کی تصدیق کرنے کے لیے ایک کوڈ اپنے موبائل نمبر یا ای میل کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہی آپشنز میں سے ایک کا انتخاب کریں اور  سبمٹ کا بٹن دبائیں۔

اگلے مرحلے میں آپ سے وہی کوڈ جو آپ کا بینک کے ساتھ رجسٹرڈ موبائل نمبر پر موصول ہوگیا، مانگا جائے گا، کوڈ کے خانے میں وہی کوڈ درج کریں اور  نیچے دیے گئے خانے میں ایک ٹک لگائیں اور سبمٹ کا بٹن دبائیں۔

اب اگر آن لائن رقم کامیابی سے جمع ہوئی تو سکرین پر آپ کو پیغام نظر آئے گا کہ آپ نے نادرا کو کرونا سرٹیفیکیٹ کی مد میں 100 روپے  کامیابی سے جمع کروا دیے ہیں اور یہ مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔

تیسرا مرحلہ

پیسے جمع کرنے کے بعد جب آپ ’جاری‘ کا بٹن دبائیں گے تو سکرین پر  آپ کے پیسے جمع کرنے کی تفصیلات کے ساتھ دو آپشنز بھی نظر آئیں گے جہاں سے آپ ان پیسوں کی رسید بھی حاصل کر سکتے ہیں اور اگلے مرحلے میں جانے کے لیے  ’جاری‘ کا بٹن دبائیں گے جو حصول سرٹیفکیٹ کا آخری مرحلہ ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جاری کا بٹن دبانے کے بعد  ایک سکرین نظر آئے گی جس میں آپ کا نام اور دیگر تفصیل درج ہوتے ہیں۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ آپ اپنے نام یا دیگر ذاتی معلومات میں اگر کسی قسم کی غلطی ہے تو وہ درست کر سکتے ہیں، اگر تمام معلومات درست ہیں تو ’اندراج‘ کا بٹن دبائیں۔

اندراج کا بٹن دبانے کے بعد سکرین پر پیغام نطر آئے گا کہ اب آپ اپنا سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہے۔ سرٹیفیکیٹ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اپنے پاس سافٹ فارم میں محفوظ رکھے یا آپ سرٹیفکیٹ کا پرنٹ نکال کر اپنے ضروری دستاویزات کے ساتھ محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

اس سرٹیفیکیٹ کی ضرورت کہاں ہو سکتی ہے ؟

کرونا سرٹیفکیٹ دنیا بھر میں ان افراد کو جاری ہوتا ہے جنھوں نے کرونا ویکسین لگوائی ہو۔ پاکستان میں بھی  اس سرٹیفیکٹ کے جاری ہونے کا مقصد یہی ہے کہ اگر بیرون ملک سفر، حج عمرے یا دفاتر اور عوامی مقامات پر آپ کو کرونا ویکسین لگوانے کی تصدیق کی ضرورت پڑے تو آپ یہ سرٹیفیکیٹ دکھا سکتے ہیں۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان