میسی کو پی ایس جی سے کتنی آمدنی ہوگی؟

فرانسیسی کلب کے ساتھ میسی کے معاہدے میں کچھ کرپٹو کرنسی ’فین ٹوکن‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔کلب نے پیکج میں ٹوکن کے تناسب کو ظاہر نہیں کیا، تاہم یہ ضرور کہا ہے کہ یہ ’کافی بڑی‘ رقم ہے۔

فٹ بال سٹار نے فرانسیسی کلب کے ساتھ ایک اضافی سال کے آپشن کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

دنیائے فٹ بال کے مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی نے بارسلونا چھوڑنے کے بعد پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کلب میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیارکرلی ہے۔

پی ایس جی نے اعلان کیا کہ فٹ بال سٹار نے فرانسیسی کلب کے ساتھ ایک اضافی سال کے آپشن کے ساتھ دو سالہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

34  سالہ کھلاڑی اپنے سابق ساتھی نیمار جونیئر اور فرانسیسی سٹار کیلیان ایمباپے کے ساتھ میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گے، تاہم فرانسیسی کلب میں برازیل کے نیمار 10 نمبر جرسی جبکہ لیونل میسی کلب کے لیے کھیلتے ہوئے اپنا پرانا نمبر 30 ہی رکھیں گے۔

رپورٹس کے مطابق میسی نے پی ایس جی کے ساتھ سالانہ نیٹ چار کروڑ 10 لاکھ ڈالر میں معاہدہ طے کیا ہے جب کہ بونس اس کے علاوہ ہے۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فرانسیسی کلب کے ساتھ معاہدے میں کچھ کرپٹو کرنسی ’فین ٹوکن‘ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

قطر کی ملکیت والے کلب پی ایس جی نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ٹوکن ان کے ’ویلکم پیکج‘ کا حصہ ہے، جس کی مالیت میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سے 35 ملین ڈالر ہے۔ کلب نے پیکج میں ٹوکن کے تناسب کو ظاہر نہیں کیا، تاہم یہ ضرور کہا ہے کہ یہ ’کافی بڑی‘ رقم ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فین ٹوکن ایک قسم کی کرپٹو کرنسی ہے اور جن کے پاس یہ ٹوکن ہوں ان کو اپنے کلبز سے متعلق زیادہ تر معمولی فیصلوں پر ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

اس سال ٹوکن لانچ کرنے والے کلبوں میں انگلش پریمیئر لیگ، مانچسٹر سٹی اور اٹلی کا اے سی میلان شامل ہیں۔ میسی کے سابق کلب بارسلونا نے بھی گذشتہ سال ایک ٹوکن لانچ کیا تھا۔

ان ٹوکنز کو تیزی سے کلبوں کی جانب سے نئی آمدنی کے ذرائع کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اورپی ایس جی  اور دیگر ٹاپ کلبز کے لیے ٹوکن فراہم کرنے والی کمپنی Socios.com کا کہنا ہے کہ ٹوکنز کے ذریعے 2021 میں پارٹنر کلبز نے تقریباً 20 کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

پی ایس جی نے کہا کہ میسی کے کلب میں شامل ہونے کی اطلاعات کے بعد اس کے فین ٹوکنز کی تجارت میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

کلب کے مطابق میسی کی آمد سے قبل ہی اس کے ٹوکن کا تجارتی حجم 1.2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔

پی ایس جی کے چیف پارٹنرشپ آفیسر مارک آرمسٹرونگ نے کہا: ’ہم نئے عالمی صارفین کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب رہے ہیں، جس سے ڈیجیٹل آمدنی کا ایک اہم سلسلہ پیدا ہوا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال