برطانوی مداحوں کا مذاق اڑانے پر کوہلی پر تنقید

میچ کے دوران انگلینڈ کی وکٹیں گرتے دیکھ کر بھارتی کپتان وراٹ کوہلی برطانوی مداحوں کا مذاق اڑاتے نظر آئے جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان پر تنقید جاری ہے۔

اوول سٹیڈیم میں پیر کو چوتھے میچ کے آخری دن وراٹ کوہلی انگلینڈ کے مداحوں کی جانب منہ کر کے ہاتھوں سے باجا بجا رہے ہیں (اے ایف پی)

برطانیہ کے تاریخی اوول گراؤنڈ میں بھارت نے انگلینڈ کی ٹیم کو چوتھے ٹیسٹ میں 157 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی، تاہم کپتان وراٹ کوہلی کا ایک اشارہ ان کے لیے تنقید کا سبب بن گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو بھارت کی جیت 50 سال بعد اوول گراؤنڈ میں ٹیم کی دوسری فتح ہے۔ انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مہمان ٹیم کے لیے 368 کا ہدف رکھا۔

تیسرے ٹیسٹ میں شکست سے ابھرتی ہوئی بھارتی ٹیم نے اس ٹیسٹ میں ایک ہی دن میں میزبان ٹیم کی 10 وکٹیں حاصل کرکے میچ اپنے نام کرلیا اور سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میچ کے دوران جب انگلینڈ کی وکٹیں گر رہی تھیں تو بھارتی کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ کے مداحوں کا مذاق اڑاتے نظر آئے، جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ان پر تنقید جاری ہے۔

فاکس کرکٹ کے مطابق ایک موقع پر کوہلی برطانوی فین کلب ’بارمی آرمی‘ کی جانب منہ کرکے ہاتھوں سے باجا بجاتے نظر آئے۔ یاد رہے کہ بارمی آرمی برطانوی ٹیم کا فین کلب ہے اور اکثر میچوں میں مخالف ٹیم کے خلاف باجے بجاتا نظر آتا ہے۔ حالیہ دنوں میں اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وراٹ کو کافی ٹرول بھی کیا جا رہا تھا۔

کوہلی کا مداحوں سے ایسا برتاؤ کئی تجزیہ کاروں کو پسند نہیں آیا۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والے برطانوی صحافی لارینس بوتھ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’کوہلی کی ٹیم کے باقی کھلاڑی وکٹ لینے پر خوش ہو رہے ہیں اور وہ انگلینڈ کے مداحوں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔‘

ایک اور ٹویٹ میں وضاحت کرتے انہوں نے لکھا کہ ’انہیں عجیب لگا کہ ایک ٹاپ کلاس کھلاڑی صرف میچ جیتنے سے خوش نہیں بلکہ مداحوں کو بھی نیچا دکھانا چاہتے ہیں۔‘

انگلینڈ کے سابق اوپنر نک کومپٹن نے کہا: ’یہ اچھا نہیں تھا اور اس کی ضرورت نہیں تھی۔‘

تاہم دوسری جانب کچھ صارفین نے کہا کہ کوہلی کی جانب سے انگلینڈ کے شائقین کو ان کی ’اپنی دوا کا ذائقہ چکھانا‘ ایک اچھا طریقہ تھا۔

کرن آیان نے لکھا کہ انہیں ’کوہلی کا جشن بہت پسند آیا۔‘

شیوم ارورا نے لکھا کہ کوہلی نے انہیں صحیح جواب دیا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل