آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط اسی ہفتے ہو جائیں گے: مشیر خزانہ

شوکت ترین نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب سے ملنے والی رقم کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔

مہنگائی دنیا بھر میں بڑھی ہے، ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی پر جلد عمل شروع ہو جائے گا: شوکت ترین (اے ایف پی  فائل فوٹو)

وزیر اعظم پاکستان کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے پیر کو کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور معاہدے پر اس ہفتے دستخط ہو جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان سنگل ونڈو لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا۔

شوکت ترین نے کہا کہ سٹیٹ بینک سے متعلق قانون کے لیے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے، جس کے لیے ان کی حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں اور انہوں نے آئی ایم ایف کو یہی بات سمجھانے کی کوشش کی ہے۔

گذشتہ ہفتے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’معاہدے میں ایک آدھ چیز رہ گئی ہے جس پر بحث ہو رہی ہے، اسے جلد طے کرلیں گے۔‘

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت توقع کر رہی ہے کہ اس اعلان اور آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مذاکرات کے جلد مکمل ہونے سے مارکیٹ پر مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ملنے والی رقم کی شرائط بالکل ماضی والی ہیں۔ ’میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اس کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔‘

پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز تک کی امداد پیٹرول کی ریفائنڈ مصنوعات کی صورت میں دینے کا وعدہ کیا ہے اور تین ارب ڈالرز سٹیٹ بینک میں ڈپازٹ رکھنے کا کہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بعض بینکوں کی خدمات میں تعطل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں لیٹ نہیں ہوں گی ،صورت حال پر قابو پا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی دنیا بھر میں بڑھی ہے، ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی پر جلد عمل شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت تبدیلی، اصلاحات اور احتساب کا نعرہ لے کر آئی ہے اور حکومت نے ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں، سنگل ونڈو کا افتتاح اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ سنگل ونڈو سے تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کسٹمز کو سنگل ونڈو کی لانچنگ پر مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال میں کرونا وائرس کی وبا کے باعث سپلائی چین متاثر ہوئی۔ اب معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، کاروباری افراد تمام مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

’پاکستان سنگل ونڈو سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا، علاقائی تجارت اور جیو اکنامک روابط میں بہتری آئے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت