پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2 اور 3 روپے فی لیٹر اضافہ

وفاقی حکومت نے جمعے کی رات پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 43 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے دو پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے، جو اگلے پندرہ دنوں کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

لاہور میں ایک موٹرسائیکل سوار یکم اگست 2023 کو موٹر سائیکل میں پیٹرول بھرواتے ہوئے (اے ایف پی)

وفاقی حکومت نے جمعے کی رات پیٹرول کی قیمت میں دو روپے 43 پیسے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تین روپے دو پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا ہے، جو اگلے پندرہ دنوں کے لیے نافذ العمل ہوگا۔

وزارتِ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق قیمتوں میں یہ ردوبدل عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) و دیگر متعلقہ وزارتوں کی سفارشات کے بعد کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی جو اس سے قبل 263 روپے دو پیسے تھی جب کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 275 روپے 42 پیسے سے بڑھا کر 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

زیادہ تر ٹرانسپورٹ سیکٹر ہائی سپیڈ ڈیزل پر انحصار کرتا ہے، جس کی قیمت میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا باعث بنتا ہے کیونکہ یہ بڑی گاڑیوں، ریل گاڑیوں، ٹریکٹروں، ٹیوب ویلوں اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے جو بالآخر سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں کو متاثر کرتا ہے۔

دوسری جانب پیٹرول بنیادی طور پر نجی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں میں استعمال ہوتا ہے اور درمیانے و نچلے طبقے کی جیپوں کے لیے براہ راست بوجھ بنتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں بھی کمی کا اعلان کیا ہے۔ صارفین کے لیے فی کلو ایل پی جی کی قیمت 5 روپے 88 پیسے کی کمی کے بعد 207 روپے 49 پیسے سے کم ہو کر 201  روپے 60 پیسے ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلینڈر کی نئی قیمت نومبر کے لیے 2,378 روپے 89 پیسے مقرر کی گئی ہے، جو اکتوبر کی قیمت 2,448 روپے 53 پیسے سے 69 روپے 44 پیسے کم ہے۔

اعلامیے کے مطابق حکومت ایل پی جی پر فی ٹن تقریباً 37 ہزار 342 روپے کی جی ایس ٹی اور پیٹرولیم لیوی وصول کر رہی ہے جب کہ پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر مجموعی طور پر تقریباً 99 روپے فی لیٹر کے محصولات لیے جا رہے ہیں۔

حکومتی اعدادوشمار کے مطابق اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اس وقت صفر ہے، تاہم حکومت پیٹرول اور ہائی آکٹین پر 80 روپے 52 پیسے اور ڈیزل پر 79 روپے 50 پیسے فی لیٹر کے حساب سے پیٹرولیم لیوی اور کلائمیٹ سپورٹ لیوی وصول کر رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت