پاکستان، بھارت مقابلہ تاریخ کا ’سب سے زیادہ‘ دیکھے جانے والا میچ

آئی سی سی نے بتایا ہے کہ نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تقریباً 10 ہزار گھنٹوں کی براہ راست نشریات چلیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 24 اکتوبر کو کھیلا گیا جس میں پاکستان نے 10 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی (اے ایف پی)

 انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بتایا ہے کہ اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تقریباً 10 ہزار گھنٹوں کی براہ راست نشریات چلیں۔آئی سی سی نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا کہ دو سو ملکوں میں کرکٹ کے میگا ایونٹ کی کوریج ہوئی لیکن بھارت، پاکستان، برطانیہ، آسٹریلیا اور خاص طور پر امریکہ کی سٹریٹیجک مارکیٹ میں ناظرین کی تعداد بڑھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سی ای او جیوف آلارڈائس نے کہا کہ وہ ان غیر معمولی اعداد و شمار پر بے حد خوش ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اتنی طاقت ہے کہ وہ پوری دنیا میں ناظرین کی بہت بڑی تعداد کو متوجہ کر سکتی ہے۔

’اس سے ہمارے اس خیال کو مزید تقویت ملتی ہے کہ امریکہ سمیت مختلف اور نئی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں کتنے مواقع ہیں۔‘

آئی سی سی کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ متحدہ عرب امارات اور عمان میں منعقد کیا گیا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ تھا جس نے کئی خطوں میں ناظرین کے ریکارڈ توڑے۔

اس ایونٹ کو ریکارڈ 167 ملین ٹی وی ناظرین نے دیکھا جبکہ بھارت کے سٹار انڈیا پر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ پر 15.9 ارب منٹس صرف کیے گئے۔

بیان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ تاریخ میں سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹی 20 میچ بن چکا ہے۔

اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین  2016 کے آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے پاس تھا۔

صرف بھارت میں پورے ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے 112 ارب منٹ صرف کیے گئے، حالانکہ ٹیم پہلے راؤنڈ سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

برطانیہ میں سکائی یوکے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کی ویوور شپ میں 60 فیصد جبکہ مجموعی طور پر ناظرین کی تعداد میں سات فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح پاکستان میں پہلی مرتبہ تین براڈ کاسٹرز پی ٹی وی، اے آر وائی اور ٹین سپورٹس نے ایونٹ کی کوریج کی جس کی وجہ سے 2016 ورلڈ کپ کے مقابلے میں 7.3 فیصد ناظرین کی تعداد بڑھی۔

امریکہ میں، جس پر حال ہی میں آئی سی سی نے اپنی توجہ مرکوز کی ہے، وہاں ای ایس پی این + پر یہ دیکھا جانے والا سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ تھا۔

آئی سی سی کے اپنے اثاثوں پر بھی 2.55 ارب منٹ کا مواد دیکھا گیا جبکہ کونسل کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 618 ملین کی انگیجمنٹ ملی، جو 2019 کے مردوں کے کرکٹ ورلڈ کپ کے مقابلے میں 28 فیصد زیادہ ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل