دو حوثی میزائل فضا میں تباہ: وزارت دفاع عرب امارات

یو اے ای کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے پیر کو وزارت دفاع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ ابوظہبی میں گرنے والے میزائل کے ٹکڑوں  سے کوئی شخص زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔

کی جانب سے 22 جنوری 2022 کو فراہم کی گئی اس سیٹلائٹ تصویر میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے ایندھن ڈپو پر حملے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں(فائل تصویر: پلینٹ لیبز پی بی سی)

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ  یمن میں سرگرم حوثی ملیشیا کے جانب سے یو اے ای کی جانب پیر کو داغے جانے والے دو میزائل فضا ہی میں تباہ کیے جا چکے ہیں۔

یو اے ای کے  خبر رساں ادارے ’وام‘ کے مطابق تباہ شدہ میزائلوں کا ملبہ ابوظہبی میں گرا لیکن کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ 

عرب امارت وزارت دفاع کے مطابق ’ہم کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور ریاست کو تمام حملوں سے بچانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔‘

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابوظہبی میں ایک ایئربیس کو نشانہ بنایا تھا۔

یمن کی حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ ساریا نے پیر کو کہا کہ ان کی ملیشیا نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں الظفرہ ایئر بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانا چاہا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ساریا نے کہا کہ انہوں نے دبئی کے دیگر ’حساس‘ علاقوں کو بھی ڈرون سے نشانہ بنایا ہے، تاہم اہداف کی وضاحت نہیں کی گئی۔

گذشتہ ہفتے بھی ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے ابوظہبی میں ڈرون حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کی عالمی سطح پر شدید مذمت کی گئی تھی۔

پیر کو علی الصبح سعودی عرب نے بھی جنوبی صوبے عسیر کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کو تباہ کیا تھا، جس کے بعد اتحادی افواج نے الجوف میں حوثیوں کے زیر استعمال لانچ پیڈ کو نشانہ بنایا۔

گذشتہ اتوار  کو سعودی عرب کے شہر جازان میں بیلسٹک میزائل کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا