پاکستان اور چین کا سٹریٹیجک تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

وزیر اعظم عمران خان کی اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط، سی پیک پر پیش رفت کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے پانچ فروری، 2022 کو بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب  لی کی کیانگ سے ملاقات کی (پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ)

وزیر اعظم عمران خان نے ہفتے کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں قیام کے دوسرے روز اپنے چینی ہم منصب سمیت کئی سرکاری و نجی شخصیات کے علاوہ ازبکستان کے سربراہ حکومت سے ملاقاتیں کیں۔

وزیر اعظم عمران خان جمعرات سے بیجنگ میں ہیں جہاں انہوں نے جمعے کو سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

وزیر اعظم عمران خان بیجنگ کے گریٹ پیپل ہال پہنچے جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کی طرف سے غیر ملکی معززین کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

ہفتے کو پاکستانی وزیر اعظم کی سب سے اہم ملاقات اپنے چینی ہم منصب لی کی کیانگ کے ساتھ تھی، جس میں پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے علاوہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی عمر اسد اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر گفتگو ہوئی جس میں دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی روابط، سی پیک پر پیش رفت کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں سی پیک کے تحت خصوصی تکنیکی زونز اور اقتصادی زونز میں چین کی زیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے ان کے حکومت کی جانب سے رہنمائی اور حمایت سے آگاہ کیا۔

پاکستانی وزیر اعظم نے وزیر اعظم لی کی کیانگ کو پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں اور منصوبوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی روابط کو بڑھانے اور ہمہ جہتی سٹریٹیجک تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیراعظم عمران خان کی دوسری اہم ملاقات چیئرمین چائنا انرجی اینڈ انجینیئرنگ کارپوریشن ڈاکٹر سانگ ہیلیانگ اور چیئرمین پاور چائنا ڈاکٹر ڈینگ یان زہانگ کے ساتھ تھیں۔

دونوں ورچوئل ملاقاتیں پاکستان کے توانائی کے شعبے بشمول قابل تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سرمایہ کاری بڑھانے کے بارے میں تھیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر اعظم عمران خان نے چین میں اپنے قیام کے دوسرے دن بھی سرکاری اور نجی چینی کمپنیوں کے سینیئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستانی چیف ایگزیکٹیو کو پاکستان میں ان کے توانائی، پیٹرو کیمیکل، واٹر منیجمنٹ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے میدانوں میں جاری منصوبوں اور سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔

ہفتے کو ہی انہوں  نے ازبکستان کے صدر شفقت مرزایوویو سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا، اور ٹرانزیٹ ٹریڈ ایگریمنٹ، ٹرانز افغان ریلوے، سیاحت کے فروغ و ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کی ضرورت پر زور دینے کے علاوہ جنگ زدہ ملک میں اقتصادی بحران کے حل میں بین الاقوامی برداری کے مثبت کردار کی ضرورت کو بھی اہم گردانا۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان