کراچی سی فوڈ مارکیٹ، جہاں کا جھینگا کٹاکٹ اور کیکڑا سوپ مشہور

کیماڑی بندرگاہ پر واقع اس سی فوڈ مارکیٹ میں ایسی ڈشز بھی ملتی ہیں، جو ہم میں سے اکثر لوگوں نے نہیں کھائی ہوں گی۔

کراچی میں کیماڑی کی بندرگاہ پر ایک طرف تو بوٹس اور کشتیاں نظر آئیں گی، دوسری طرف یہاں پاکستان کی ’سب سے بڑی‘ سی فوڈ مارکیٹ بھی ہے، جہاں ایسی ڈشز بھی ملتی ہیں، جو ہم میں سے اکثر لوگوں نے نہیں کھائی ہوں گی۔

ان منفرد ڈشز میں جھنگا کڑاہی، جھینگا رول، جھینگے کا باربی کیو اور جھینگا کٹاکٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیکڑے کا سوپ اور کیکڑا باربی کیو بھی دستیاب ہے۔

اس مارکیٹ میں مختلف اقسام کی سمندری مچھلیاں جیسے کہ ریڈ سنیپر (ہیرا) مچھلی، دوتر مچھلی، کالی اور سفید پاپلیٹ، مُشکا مچھلی (سائمن فش)، دنگیا مچھلی، کُند یا بارہ کودے کے ساتھ ساتھ جھنگے اور کیکڑے دستیاب ہیں۔

دیگر جگہوں کی طرح اس مارکیٹ میں پہلے سے مصالحہ لگی مچھلی نہیں ہوتی، بلکہ کھانے کے لیے آنے والے لوگ تازہ مچھلی کو پسند کرنے کے بعد تول کرواتے ہیں، جس کے بعد مچھلی کو کاٹ کر اسی وقت تیار کیا جاتا ہے۔

اس مارکیٹ میں موجود ایک دکان کے مالک محمد عثمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’آپ نے ہمیشہ دل گردے کا کٹاکٹ تو کھایا ہوگا، لیکن آپ نے جھینگا کٹاکٹ شاید ہی کھایا ہو۔ اگر آپ نے جھینگا کٹاکٹ نہیں کھایا تو آپ یہ مِس کر رہے ہیں۔ ضرور آئیں اور جھینگا کٹاکٹ ہمارے ساتھ کھائیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محمد عثمان کے مطابق نہ صرف کراچی کے مختلف علاقوں کے لوگ بلکہ پاکستان کے دیگر شہروں سے آنے والے لوگ بھی اس سی فوڈ مارکیٹ آکر یہاں مختلف اقسام کی مچھلی، جھینگے اور کیکڑے کھانا پسند کرتے ہیں۔

اپنے دوستوں کے ساتھ مچھلی کھانے کے لیے آنے والے کراچی کے ایک رہائشی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’میرا آفس اس مارکیٹ کے قریب ہے اور جب بھی میرے عزیز، دوست یا بھائی وغیرہ آتے ہیں تو میں انہیں یہاں لاتا ہوں۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’سمندری مچھلی کا ذائقہ میٹھے پانی کی مچھلی سے اچھا ہوتا ہے اور اس مارکیٹ میں پکانے کی منفرد ترکیب کی وجہ مچھلی اور بھی لذیذ ہوجاتی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا