پی ٹی اے سروے: کس ٹیلی کام کمپنی کی سروس سب سے بہتر ہے؟

پی ٹی اے کے تازہ ترین پرفارمنس سروے میں بتایا گیا کہ ملک میں سرگرم تمام موبائل کمپنیوں کی مجموعی طور پر انٹرنیٹ (تھری اور فور جی) سروس حوصلہ افزا نہیں۔

دس ستمبر 2013 کو لی جانے والی اس تصویر میں ایک نوجوان ریلوے ٹریک کے قریب کھڑا  اپنے موبائل کو دیکھ  رہا ہے (اے ایف پی/ فائل)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تازہ ترین پرفارمنس سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں سرگرم تمام موبائل کمپنیوں کی مجموعی طور پر انٹرنیٹ (تھری اور فور جی) سروس حوصلہ افزا نہیں۔

پی ٹی اے پاکستان میں ٹیلی کام کمپینوں کی لائسنسنگ اور ان کے معاملات پر نظر رکھنے والی اتھارٹی ہے۔

پی ٹی اے نے ٹیلی کام کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے 11 جنوری سے دو فروری تک بین الاقوامی جرمن کمپنی روہدی اینڈ شوارز کے تعاون سے ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور موٹرویز پر پرفارمنس سکور معلوم کرنے کے لیے ایک سروے کیا۔

یہ سروے پانچ بڑے شہروں پشاور، اسلام آباد، لاہور، کراچی، اور کوئٹہ اور چار ٹاؤنز میں کرایا گیا جن میں فتح جنگ، ٹھٹہ، چارسدہ اور لودھراں شامل تھا۔

اسی طرح موٹرویز پر بھی سیلولر نیٹ ورک کا جائزہ لیا گیا جس میں اسلام آباد پشاور موٹروے، لاہور اسلام آباد موٹروے، کراچی سکھر ہائی وے اور لاہور ملتان موٹروے شامل تھی۔

سروے رپورٹ (جس کی کاپی انڈپینڈںٹ اردو کے پاس ہے) کے مطابق پاکستان میں اس وقت وائس اور ڈیٹا سروس میں مجموعی طور پر یوفون سب سے بہتر جبکہ ٹیلی نار کی سروس بدترین ہے۔

وائس سروس کا جائزہ

رپورٹ کے مطابق وائس سروس میں یوفون (634 پوائنٹس) پہلے اور زونگ (543 پوائنٹس) دوسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح تیسرے نمبر پر جاز (503) اور سب سے کم پوائنٹس 384 ٹیلی نار نے حاصل کیے۔

وائس سروس پوائنٹس کی بات کی جائے تو یوفون اور زونگ کو سب سے بہتر قرار دیا گیا۔ ان دونوں نیٹ ورکس نے 400 پوائنٹس میں سے 315 پوائنٹس سے زائد حاصل کیے جو رپورٹ کے مطابق ایک اچھا سکور ہے۔

رپورٹ کے مطابق وائس سروس جائزے میں یوفون نے 323 پوائنٹس، زونگ نے 316 اور جاز اور ٹیلی نار نے بالترتیب 280 اور 256 پوائٹس حاصل کیے۔

کال ڈراپ سروے میں جاز سب سے بہتر قرار پایا گیا جبکہ وائس کوالٹی میں سب سے بہترین زونگ ٹھرائی گئی۔ اس کیٹیگری میں بھی سب سے آخر میں ٹیلی نار رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق ہر سو کالز ملانے میں ٹیلی نار کی دو کالز ڈراپ ہوجاتی ہے جبکہ یہ تناسب روڈ پر اس بھی زیادہ تقریباً چار کالز ہے۔

دیگر نیٹ ورکس کی بات کی جائے تو شہروں اور سڑکوں پر زونگ کا کال ڈراپ تناسب سب سے کم ہے جو ہر100 کالز میں ایک کال سے بھی کم ہے۔

ٹیلی نار شہروں، ٹاؤنز اور سڑکوں تینوں میں کال ڈراپ کے تناسب میں سب سے بدتر ہے جبکہ سڑکوں پر یوفون کا کال ڈراپ تناسب بھی دیگر نیٹ ورک سے ابتر تاہم شہروں اور ٹاؤنز میں باقیوں سے بہتر ہے۔

آواز بریک ہونے کی کیٹیگری میں زونگ کا معیار سب سے بہتر قرار پایا گیا۔

ڈیٹا سروس کا جائزہ 

 ڈیٹا سروس میں رپورٹ کے مطابق تمام نیٹ ورکس کی پرفارمنس حوصلہ افزا نہیں تھی۔ تاہم یوفون تمام نیٹ ورکس کے مقابلے میں قدرے بہت رہا۔ اس کیٹیگری میں بھی دوسرے نمبر پر زونگ قرار پایا۔

ڈیٹا ٹرانسفر، ویڈیو سٹریمنگ، ویب براؤزنگ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں یوفون 310 پوائنٹس کے ساتھ سب سے بہترین قرار دیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر 225  پوائنٹس کے ساتھ زونگ ہے، تیسرے پر جاز 223 پوانٹس اور سب سے آخری نمبر پر 128 پوائنٹس کے ساتھ ٹیلی نار ہے۔

ڈاؤن لوڈ سپیڈ میں سب سے پہلے نمبر پر جاز اور یوفون ہے جبکہ سب سے ابتر ڈاؤن لوڈ سپیڈ ٹیلی نار کی ہے۔  

رپورٹ کے مطابق جاز اور یوفون کی ڈاؤن لوڈ سپیڈ شہروں میں سب سے بہترین، جاز کی ٹاؤنز میں سب سے  بہتر اور زونگ سڑکوں پر ڈاؤن لوڈ سپیڈ میں سب سے آگے ہے۔ ٹیلی نار شہروں، ٹاؤنز اور سڑکوں میں سب سے ابتر سروس رہی۔

پی ٹی اے کے ترجمان خرم مہران نے انڈپینڈنٹ اردو کو سروے رپورٹ کے بارے میں بتایا کہ پی ٹی اے کے مینڈیٹ میں یہ بھی شامل ہے کہ جتنی بھی کمپنیوں کو لائسنس جاری کیا جاتا ہے، ان کی خدمات گاہے بگاہے چیک کی جائیں۔

انھوں نے بتایا کہ موبائل کمپنیوں کی سروسز کو چیک کرنے اور صارفین کو بہت سی خدامت کی فراہمی کے لیے پی ٹی اے کے زونل دفاتر میں موجود اہلکار مختلف جگہوں اور علاقوں کا سروے کرتے ہیں تاکہ موبائل کمپنیوں کی سروسز چیک کی جا سکیں۔

خرم نے بتایا،’یہ ٹیکنیکل سروے باقاعدہ ایک خاص طریقہ کار کے تحت کیا جاتا ہے۔ اس سروے کی بنیاد پر جہاں خدمات بہتر نہیں وہاں ان کمپنیوں کا بتایا جاتا ہے کہ خدمات بہتر کریں، جس کے بعد دوبارہ تصدیق کے لیے ایک اور سروے ہوتا ہے۔‘

کیا صارفین سروے سے متفق ہیں؟

انڈپینڈنٹ اردو نے کچھ موبائل فون صارفین سے بات کی یہ آیا وہ اس سروے سے متفق ہیں یا نہیں۔ پشاور کینٹ کے حدود میں رہنے والے محمد سجاد نے بتایا کہ جہاں تک ٹیلی نار کو بدترین سروس قرار دینے کا تعلق ہے، تو وہ اس سے 100 فیصد اتفاق کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سجاد نے بتایا: ’میں پشاور کے بالکل مرکز اور کینٹ علاقے میں رہتا ہوں لیکن یہاں پر بھی ٹیلی نار کی برائے نام فور جی سروس کی سپیڈ ہے جو ٹی جی سروس سے بھی کم ہے اور کال ڈراپ کا مسئلہ بھی بہت زیادہ  ہے۔‘ 

انھوں نے بتایا کہ باقی نیٹ ورک کے حوالے سے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کیونکہ ان کو وہ استعمال نہیں کرتے لیکن بہت سے دوستوں سے سنا ہے کہ ’زونگ کی انٹرنیٹ سروس باقیوں کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔‘

خیبر پختونخوا کے ضلع دیر سے تعلق رکھنے والے عباد اللہ نے انڈپیڈنٹ اردو کو فون پر بتایا کہ وہ زونگ کا انٹرنیٹ استعمال کر چکے ہیں جو ’بہترین ہے تاہم ٹیلی نار کی سروس شروع میں بہت تھی لیکن اب بالکل نہ ہونے کے برابر ہے۔‘

’جب بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے، تو ٹیلی نار کی انٹرنیٹ سپیڈ کم ہوجاتی ہے جبکہ کال ڈراپ کا مسئلہ تو ہمارے علاقے میں بہت شدید ہے لیکن بار بار شکایت کے باجود حل نہیں ہو رہا۔‘

انڈپینڈنٹ اردو نے سروے رپورٹ کے بارے میں ردعمل جاننے کے لیے ٹیلی نار انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کیا تو ہیلپ لائن پر موجود نمائندے نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر اپنے سینیئرز سے معلوم کر کے دو گھنٹوں میں کال بیک کریں گے لیکن وقت گزرنے کے باوجود رابطہ نہیں کیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی