سوات کی مِنی کے ٹو چوٹی سر کرنے والے مقامی کوہ پیما

پاکستان کی سیاحتی وادی سوات میں واقع سطح سمندر سے تقریبا 19 ہزار پانچ سو فٹ بلند فلک سیر چوٹی کو منی کے ٹو بھی کہا جاتا ہے اور اسے پہلی مرتبہ ایک مقامی نوجوان کوہ پیما نے سر کیا ہے۔

وادی سوات کی بلند ترین چوٹی فلک سیر کو پہلی مرتبہ ایک مقامی نوجوان نعمان خلیل نے سر کیا ہے۔

نعمان خلیل کا تعلق سوات کے علاقہ منگلور سے ہے اور پیشے کے لحاظ وہ ایک سرکاری سکول میں گریڈ فور کے ملازم ہیں مگر پہاڑ سر کرنا ان کا شوق ہے۔

نعمان خلیل نے 2013 میں فلک سیر چوٹی کو سر کرنے کے لیے ٹریکنک شروع کی تھی اور وہ بار بار چوٹی کو سر کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کررہے تھے۔

نو سال بعد رواں سال آٹھ دنوں کی مسلسل کوششوں سے انہوں نے فلک سیر چوٹی سر کی جس کی اونچائی 19 ہزار پانچ سو فٹ سے زیادہ ہے۔

نعمان خلیل سوات کے پہلے ٹریکر یا کوہ پیما ہیں جنہیں یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

نعمان خلیل نے انڈپنڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’خاص بات یہ ہے کہ ہمارے سوات کے جو گائیڈز اور پورٹرز تھے انہیں بیس کیمپ سے آگے نہیں جانے دیا جاتا تھا۔‘

نعمان کہتے ہیں کہ ان کا مقصد چوٹی سر کر کے مقامی افراد کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔

چوٹی سر کرنے کی سرگزشت سناتے ہوئے نعمان کا کہنا تھا کہ ’چشمہ سپاہ سے ہم نے آغاز کیا۔ پہلے دن ہم نے تقریباً سات کلومیٹر ٹریک طے کیا۔ پھر کیمپ لگایا۔ اگلے روز صبح دوبارہ آغاز کیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’دوسرے روز ہم بیس کیمپ تک پہنچ گئے۔ وہاں تک کوئی مشکلات نہیں ہیں۔ بہت آسان راستہ ہے۔ اگلے روز دوبارہ آغاز کیا۔ بیس کیمپ سے آگے کا سفر مشکل ہوتا ہے۔‘

بیس کیمپ سے آگے کے سفر پر ان کا کہنا تھا کہ ’وہاں پر سلائڈنگ پتھر ہیں۔ اسے طے کرنا مشکل تھا۔ پھر برف کی دیوار تھی۔ اسے طے کرنا بھی مشکل تھا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آٹھ روز کی کوششوں میں نعمان خلیل نے چوٹی سر کر لی۔ اس لمحے کو بیان کرتے ہوئے نعمان نے بتایا کہ ’جب ہم نے چوٹی سر کی تو تقریباً دو بجے تھے۔ بہت زیادہ خوشی محسوس ہوئی۔ ہم نے یہ سوچا کہ ہم اکیلے یہاں نہیں ہیں۔ ہم نے محسوس کیا کہ سوات کے اور تمام خیبر پختونخوا کے سب کوہ پیما ہمارے ساتھ ہیں۔‘

نعمان کا کہنا ہے کہ ’اگر پاکستان اور خیبر پختونخوا کا محکمہ سیاحت کوہ پیمائی کا سامان ہمیں دیں اور ہمیں سپورٹ کریں تو یقیناً وہ دن دور نہیں کہ کے ٹو اور ایورسٹ پر بھی ہم پاکستان کا جھنڈا لہرائیں گے۔‘

فلک سیر چوٹی کیا ہے؟

فلک سیر چوٹی کوہ ہندوکش سلسلے کی سب سے بلند چوٹی ہے اور اسے منی کے ٹو یعنی چھوٹی کے ٹو بھی کہا جاتا ہے۔

فلک سیر سوات کے سیاحتی مقام وادی کالام کے علاقہ اوشو مٹلتان میں واقع ہے۔

فلک سیر چوٹی سطح سمندر سے تقریباً 19 ہزار پانچ سو فٹ بلندی پر واقع ہے اور سارا سال اس پر برف پڑتی ہے۔

فلک سیر چوٹی کو سر کرنے کے لیے ہر سال بین الاقوامی اور ملک بھر سے ٹریکرز اور کوہ پیما آتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل