امریکہ: پولیس کو 12 ہزار کالز کرکے ہراساں کرنے والی خاتون گرفتار

محکمے کے مطابق 51 سالہ کارلا جیفرسن نے ایک بار 24 گھنٹے کے دوران 512 بار کالز کیں، جن میں سے اکثر ’بے ہودہ، دھمکی آمیز یا فحش‘ پیغامات پر مبنی تھیں۔

دو جولائی، 2021 کی اس تصویر میں امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی بیچ پر پیٹرولنگ پر تعینات دو پولیس افسران کو دیکھا جاسکتا ہے ( اے ایف پی)

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک خاتون کو رواں سال پولیس کو 12 ہزار سے زائد کالز کرنے اور پولیس افسران کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق 51 سالہ کارلا جیفرسن مبینہ طور پر سینٹ پیٹرزبرگ پولیس ڈیپارٹمنٹ اور پنیلاس کاؤنٹی شیرف آفس میں ہر اس آفیسر کو ’ہراساں‘ اور ’بے وقعت‘ کرتیں اور بحث کرتیں جو ان کی کال وصول کرتا۔

حکام نے اندازہ لگایا کہ کارلا کی کالز 2022 میں سینٹ پیٹرزبرگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہونے والے فون ٹریفک کا 10 فیصد تھا۔

محکمے کے مطابق کارلا نے ایک بار 24 گھنٹے کے دوران 512 بار کالز کیں، جن میں سے اکثر ’بے ہودہ، دھمکی آمیز یا فحش‘ پیغامات پر مبنی تھیں۔

پولیس ان متعدد کالوں کو محض نظر انداز نہیں کر سکتی تھی کیونکہ وہ ایمرجنسی کی صورت میں آنے والی ہر کال کو اٹھانے کے پابند ہیں۔

سینٹ پیٹرزبرگ پولیس کی ترجمان یولینڈا فرنینڈز نے نشریاتی ادارے فاکس 13 کو بتایا کہ ہنگامی حالات میں فیلڈ میں جانے کے ساتھ ساتھ افسران کو خاتون کی بدسلوکی والی کالوں سے بھی نمٹنا پڑا۔

ترجمان نے مزید کہا: ’وہ (پولیس آفیسرز) ان لوگوں سے بات کرتے ہیں جو خوفزدہ ہیں، جو اپنی زندگی کے بدترین دن کا سامنا کرتے ہیں کیونکہ انہیں پولیس کی ضرورت ہے اور اس کے علاوہ انہیں کسی ایسی خاتون سے بھی نمٹنا پڑتا ہے، جو صرف انہیں ہراساں کرنے کے لیے کال کرتی ہیں۔‘

صرف پولیس افسران کو غصہ دلانے کے علاوہ ان خاتون کی مسلسل ناخوشگوار کالز نے مبینہ طور پر دیگر ایمرجنسی لائنز کو بھی جام کر دیا جس سے ایسے لوگوں تک رسائی رک گئی جنہیں قانونی طور پر محکموں کی مدد کی ضرورت تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ترجمان نے مزید بتایا: ’وہ پولیس سے کوئی خدمات حاصل کرنے کے لیے کال نہیں کرتیں۔ وہ کال کرنے والوں کو ہراساں کرنے، گالیاں دینے اور صرف ان کی تذلیل کرنے کے لیے کال کرتی ہیں۔ ہم اس وقت ایک ایسی صورت حال میں ہیں، جہاں ان کی کالیں باقاعدہ دیگر ان شہریوں کو جواب دینے کی ہماری صلاحیت میں مداخلت پیدا کر رہی ہیں، جنہیں پولیس کی مدد کی ضرورت ہے۔‘

اس سے قبل بھی کارلا جیفرسن کو گرمیوں کے آغاز میں گرفتار کیا گیا تھا اور اب وہ ضمانت پر باہر ہیں۔

گرفتاری سے پہلے انہیں ایک نوٹس دیا گیا تھا جس میں خبردار کیا گیا تھا کہ فضول کالز جاری رکھنے کے نتیجے میں ان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

تاہم انہوں نے مبینہ طور پر حلف نامہ موصول ہوتے ہی پولیس کو کال کی اور ان سے کہا کہ وہ انہیں گرفتار کر لیں کیونکہ انہیں یہ کھیل کھیلنا پسند ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق جب پولیس پہنچی تو انہوں نے مبینہ طور پر اپنے گھر کا دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا۔

بالآخر ان پر 911 سسٹم کا غلط استعمال کرنے اور ہراساں کرنے والی فون کالز کے لیے تین جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ