’اداروں پر تنقید تعمیری ہونی چاہیے‘: عمران خان کی اپنی ٹیم کو ہدایت

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’یاد رکھیں ہمارے جو ادارے ہیں، ہم انہیں کبھی بھی نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔‘

چیئرمین پی ٹی آئی 13 اگست 2022 کو لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایت کی ہے کہ اگر اداروں پر تنقید ہو تو وہ تعمیری ہونی چاہیے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہری پور میں جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ ’میں اپنی سوشل میڈیا ٹیم سے ایک چیز کہنا چاہتا ہوں کہ یاد رکھیں ہمارے جو ادارے ہیں، ہم انہیں کبھی بھی نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ہماری اگر کبھی بھی تنقید ہو ان پر، وہ تعمیری ہونی چاہیے، ان کی بہتری کے لیے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا جینا مرنا اس ملک میں ہے، ہم کسی ادارے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔‘

عمران خان پر حالیہ دنوں میں اداروں پر تنقید اور ’دھمکیاں‘ دینے کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں جبکہ اسی تناظر میں پیمرا نے عمران خان کی تقریر براہ راست دکھانے پر پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔

اس کے علاوہ عمران خان پر ان کے ایک حالیہ بیان کی وجہ سے مقدمات بھی درج کیے جا چکے ہیں۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے 20 اگست کی شب اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں تقریر کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری، آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کو نام لے کر ’دھمکایا‘ تھا جس کے بعد حکومت اور پولیس کی جانب سے سخت مذمت کرتے ہوئے عمران خان کے خلاف مجسٹریٹ کی مدعیت میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، جس میں عمران خان راہداری ضمانت پر ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے ہری پور جلسے میں مزید کہا کہ وہ ایک ’آخری کال‘ دینے والے ہیں مگر اس سے بہتر ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کا اعلان کر دیا جائے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عمران خان نے ہری پور میں جلسے سے خطاب کے دوران اپنی جماعت کے رہنماؤں سے کہا کہ ’وقت کم ہے، میں کال دے دوں گا، تیاری مکمل کر لیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عوام تیار ہے، میری پارٹی بھی تیار ہو جائے۔‘

عمران خان نے حال ہی میں ملک کے مختلف علاقوں میں جلسوں کا سلسلہ شروع کیا ہے جس کا شیڈول ان کی جماعت کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔

اسی سلسلے میں انہوں نے بدھ کو ہری پور میں منعقدہ جلسے سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں فی الحال کچھ اور لوگوں کے پاس جا رہا ہوں، انہیں تیار کر رہا ہوں اور اس کے بعد میں کال دوں گا۔‘

’لیکن میں امید یہ کر رہا ہوں کہ اس سے پہلے صاف و شفاف الیکشن کا اعلان کر دیا جائے گا۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست