شنگھائی تعاون تنظیم: پاکستان کی ورچوئل شرکت

پاکستان کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ہفتہ ورا بریفنگ میں کہا تھا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ اپنے دیرینہ عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت جاری رکھے گا۔

معاون خصوصی برائے دفاع ملک احمد خان نے وزرائے دفاع کانفرنس میں آن لائن شرکت کی (پی آئی ڈی)

انڈیا شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس کی میزبانی آج کر رہا ہے۔ بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔

چین، روس اور پاکستان کے علاوہ شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک کے وزرائے دفاع دہلی میں اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

بھارتی اخبایر دا ہندو کے مطابق پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف ورچوئلی اجلاس میں شرکت کرنی تھی لیکن پاکستانی حکام کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی بجائے معاون خصوصی برائے دفاع ملک احمد خان نے وزرائے دفاع کانفرنس میں شرکت کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے حوالے سے پاکستان کے مسلسل عزم اور علاقائی تعاون کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ہفتہ ورا بریفنگ میں کہا تھا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ اپنے دیرینہ عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے اس تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت جاری رکھے گا۔

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق شنگھائی تعاون تنظیم کے چوتھے اجلاس میں اس سے قبل پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ میٹنگ 18 اپریل 2023 کو نئی دہلی میں آن لائن فارمیٹ میں منعقد ہوئی تھی۔

ترجمان کے مطابق گذشتہ دنوں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر نے ہنگامی صورت حال کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے سربراہان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے ماہرین کے اجلاس میں ورچوئل طور پر شرکت کی جبکہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے ممبر جناب محمد ادریس محسود ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے سربراہان کے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ورچوئل طور پر شرکت کر رہے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق چین کے وزیر دفاع لی شانگ فو انڈیا کے ساتھن کشیدہ تعلقات کے باوجود اس اہم سکیورٹی اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا پہنچ گئے ہیں۔

2020 میں ان دو ممالک کے فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ کے بعد کسی چینی وزیر دفاع کا یہ پہلا انڈیا کا دورہ ہے۔ اس جھڑپ میں کم از کم 20 بھارتی اور چار چینی فوجی مارے گئے۔

اس کے بعد سے فریقین کے درمیان دیگر محاذ آرائیاں ہوئی ہیں، جن میں حالیہ ترین تصادم دسمبر میں شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے توانگ میں ہوا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کشیدگی کی بنیادی وجہ بلندی والے ہمالیائی خطے میں 3,440 کلومیٹر (2,100 میل) طویل متنازعہ سرحد ہے۔

چین کی وزارت دفاع نے منگل کو کہا کہ مسٹر لی دہلی میں کانفرنس سے خطاب اور ’متعلقہ ممالک کے وفود کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے تاکہ بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال کے ساتھ ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔‘

مسٹر لی اور انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی دہلی میں دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ چینی وزیر کا یہ دورہ سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کے لیے فوجی مذاکرات کے 18ویں دور کے اختتام کے چند دن بعد ہوا ہے۔

ہندوستان 2023 میں ایس سی او کا چیئر بنا۔ یہ تنظیم 2001 میں چین، روس اور چار وسطی ایشیائی ممالک نے نیٹو جیسے مغربی اتحاد کے اثر و رسوخ کو محدود کرنے کے جوابی اقدام کے طور پر تشکیل دی تھی۔ انڈیا اور پاکستان نے 2017 میں اس گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

روس کے وزیر دفاع سرگئی شوئیگو بھی دہلی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

آئندہ ہفتے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری انڈیا میں ایس سی او کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے - یہ برسوں میں پاکستانی حکومت کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا