ڈارک ویب کے خلاف نو ممالک کے آپریشن میں 288 مشتبہ افراد گرفتار

یورپی پولیس ایجنسی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے امریکی، برطانوی، برازیلی اور یورپی اداروں نے ’سپیکٹر‘ کے نام سے ڈارک ویب کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں تقریباً ایک ٹن منشیات اور 117 ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے۔

25 اکتوبر 2021 کو گینڈرمیری، یوروپول اور گارڈیا سول کے اراکین غیر قانونی تارکین وطن کو فرانس منتقل کرنے والے سمگلروں کے خلاف ایک مشترکہ آپریشن میں (اے ایف پی)

یوروپول کے مطابق نو ممالک کے ایک آپریشن میں پولیس نے غیر قانونی ڈارک ویب ’مناپلی مارکیٹ‘ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 288 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ہیگ میں قائم یورو پول کے مطابق انٹرپول کی مختلف براعظموں میں کی گئی کارروائی کے نتیجے میں ’ڈارک ویب‘ مارکیٹ کی سرگرمیاں بند ہو گئی ہیں جب کہ 288 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے نقد اور ورچوئل کرنسی کی شکل میں پانچ کروڑ یورو سے زیادہ کی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق  یورپ کی پولیس ایجنسی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے امریکی، برطانوی، برازیلی اور یورپی اداروں نے ’سپیکٹر‘ کے نام سے ڈارک ویب کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جس میں تقریباً ایک ٹن منشیات اور 117 ہتھیار بھی قبضے میں لیے گئے۔

یورو پول کا کہنا ہے کہ ’متعدد مشتبہ افراد کو بڑا ہدف سمجھا جاتا تھا۔‘

حالیہ کریک ڈاؤن 2021 میں جرمن پولیس کے اس آپریشن کے بعد کیا گیا جس میں پولیس نے مناپلی مارکیٹ کے مجرمانہ بنیادی ڈھانچے کو قبضے میں لے لیا تھا۔

یورو پول کے مطابق: ’یورو پول جرمن حکام کی جانب سے فراہم کیے گئے شواہد کی بنیاد پر خفیہ معلومات جمع کرتی رہی۔‘

یورو پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ مطلوبہ خفیہ معلومات جو مختلف کڑیاں جوڑ کر اور قومی سطح پر ہونے والی سینکڑوں تحقیقات کی بنیاد بننے والے ڈیٹا اور شواہد کا تجزیہ کر کے جمع کی گئیں۔‘

یورپول کا کہنا ہے کہ ’نتیجے کے طور پر یورپ بھر، برطانیہ، امریکہ اور برازیل میں ہزاروں سودوں میں غیرقانونی سامان بیچنے اور خریدنے والے 288 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔‘

امریکہ میں 153 افراد کو گرفتار کیا گیا، برطانیہ میں 55، جرمنی میں 52 اور نیدرلینڈز میں 10 لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔

یوروپول نے کہا کہ پولیس نے نقد اور ورچوئل کرنسی کی شکل میں پانچ کروڑ آٹھ لاکھ یورو (پانچ کروڑ 34 لاکھ ڈالر) اور زیادہ تر ایمفیٹامینز کی مدد سے تیار کی گئی 850 کلوگرام منشیات برآمد کر لیں۔ پولیس نے 43 کلوگرام کوکین، 43 کلوگرام ایم ڈی ایم اے نامی نشہ آور مواد اور 10 گرام سے زیادہ ایل ایس ڈی اور ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کیں۔

جرائم پیشہ افراد کا محاسبہ

یورو پول کی ڈائریکٹر کیتھرین ڈی بول کہتی ہیں کہ ’تین براعظموں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کے اتحاد نے ثابت کر دیا ہے کہ جب ہم مل کر کام کرتے ہیں تو بہتر کرتے ہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’اس آپریشن نے ڈارک ویب پر موجود جرائم پیشہ افراد کو زبردست پیغام دیا ہے۔ عالمی سطح پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے پاس وسائل اور صلاحیت موجود ہیں جن سے کام لے کر وہ آپ کی نشاندہی اور غیر قانونی سرگرمیوں پر آپ کا محاسبہ کر سکتا ہے۔‘

آپریشن ’سپیکٹر‘ گذشتہ ماہ شناختی نام اور پاس ورڈ فروخت کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹوں کے خلاف کارروائی کے پیش نظر کیا گیا۔

امریکی تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور ڈچ پولیس کی قیادت میں دنیا بھر کے 17 ملکوں میں کیے گئے آپریشن ’کُکی مونسٹر‘ کے دوران 119 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔

’کُکی مونسٹر‘ میں جینیسس مارکیٹ کو ہدف بنایا گیا جہاں سائبر جرائم پیشہ افراد 20 لاکھ سے زیادہ لوگوں کے چوری شدہ شناختی نام اور پاس ورڈ خرید سکتے تھے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ ویب سائٹ روس میں بنائی گئی تھی۔ جینیسس مارکیٹ پر پابندیاں عائد کر دی گئیں۔

ککی کمپیوٹر ڈیٹا کا ایک حصہ ہوتا جس کی بدولت ویب پیجز کو دوبارہ کھولنا آسان ہو جاتا ہے۔ ککی مونسٹر بچوں کے لیے امریکی ٹیلی ویژن سیریز ’سیسمی سٹریٹ‘ کا ایک نیلے رنگ کا روئیں دار کردار ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی یورپ