’سیاحت اور تجارت میں اضافہ‘: ایتھوپیا سے براہ راست پاکستان پروازیں

تقریباً 19 سال بعد ایتھوپیا ایئر لائنز کی پہلی براہ راست پرواز منگل کی صبح کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جس میں ایتھوپیا کے تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران اور سفارت کاروں سمیت 110 مسافر سوار تھے۔

ایتھوپین ایئر لائنز کے مطابق آنے والے دنوں میں عدیس ابابا سے کراچی کے لیے ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی (تصویر: ڈینیلیئرگے/ وکی پیڈیا)

براعظم افریقہ میں تیزی سے بڑھتے ہوئے ایئر لائنز کے نیٹ ورک ایتھوپیا ایئر لائنز نے ایتھوپیا سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے۔

تقریباً 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز منگل کی صبح جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے اولڈ ٹرمینل پر پہنچی، جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ نے لینڈنگ کے بعد پرواز پر واٹر کینین سے پانی کی پھوار کرکے استقبال کیا۔ 

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران اور سفارت کاروں سمیت 110 مسافر سوار تھے۔ 

پہلی پرواز میں آنے والے مسافروں کے استقبال کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اپنی کابینہ کے اراکین شرجیل میمن، ناصر شاہ، اکرام اللہ دھاریجو اور مرتضیٰ وہاب کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچے۔ 

اس موقعے پر مقامی میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز کی براہ راست پروازوں سے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیاں سرمایہ کاری، تجارت اور سیاحت  کو فروغ ملے گا۔ 

ایتھوپیا ایئر لائنز کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق ایتھوپیا سے کراچی کے لیے پہلی بار جولائی 1966 میں براہ راست پروازوں کا آغاز ہوا تھا، جو چھ سال بعد دسمبر 1971 میں معطل ہوگیا، جس کے بعد جون 1993 سے دوبارہ براہ راست پروازوں کا آغاز ہوا، یہ سلسلہ جولائی 2004 تک جاری رہا۔ جس کے بعد پروازوں کی سروس دوبارہ معطل ہوگئی۔ 

تقریباً 19 سال کے بعد تیسری بار یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہوا ہے۔ ایتھوپین ایئر لائنز کی کراچی کے لیے پہلی براہ راست پرواز ای ٹی 694 ایتھوپیا کے دارالحکومت عدیس ابابا سے مقامی وقت کے مطابق رات نو بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی تھی اور نو مئی کی صبح پانچ بج کر پانچ منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایتھوپین ایئر لائنز کے مطابق آنے والے دنوں میں عدیس ابابا سے کراچی کے لیے ہفتے میں چار پروازیں چلائی جائیں گی۔

ایئر لائنز کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میسفن تسیو نے کہا: ’ہم تقریباً دو دہائیوں کے بعد پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کراچی واپس آنے پر پرجوش ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’کراچی نہ صرف پاکستان بلکہ وسیع تر جنوبی ایشیائی خطے کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہوگا۔‘

میسفن تسیو کے مطابق پاکستان کو افریقہ سے ملانے والی واحد براہ راست پرواز دونوں خطوں کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جس سے نہ صرف افریقہ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحوں کو بھی سہولت ہوگی۔ 

انہوں نے بتایا: ’کراچی کے لیے براہ راست پرواز ایشیا میں ایتھوپین ایئر لائنز کی 37 ویں منزل ہوگی، ایتھوپیا ایئر لائن 145 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مسافر اور کارگو پروازیں آپریٹ کر رہی ہے۔‘

براہ راست پرواز پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا نے کہا: ’ایتھوپیا سے کراچی کے لیے شروع کی گئی براہ راست پروازوں سے دونوں خطوں کے درمیاں تجارت اور سیاحت میں اضافہ ہوگا۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں عبدالرشید چنا نے کہا کہ براعظم افریقہ کے مختلف ممالک میں پاکستانی خاص کر کراچی کے شہری بہت بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں اور ان کے لیے یہ پرواز انتہائی کارگر ثابت ہوگی۔ 

عبدالرشید چنا کے مطابق: ’اس سے پہلے افریقہ جانے کے لیے دبئی یا دیگر جگہوں سے گھوم کر جانا پڑتا تھا، جس میں بہت سا وقت اور پیسے لگتے تھے، مگر اب یہ سفر کم وقت اور انتہائی مناسب قیمت میں کیا جاسکتا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا: ’اس پرواز کا کرایہ 150 امریکی ڈالر ہے، جو اس مہنگائی کے دور میں انتہائی کم قیمت ہے۔ اس لیے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اب دونوں خطوں میں سیاحت میں اضافہ ہوگا۔ اس پرواز سے پاکستان سے کئی اشیا خاص طور پر جان بچانے والی ادویات برآمد کی جاسکتی ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان