فوج کو للکارنے والوں کے ساتھ وہ ہوگا جو دشمن سےہوتا ہے:وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے فوج کی تنصیبات پر حملہ کیا، جنہوں نے پاکستانی فوج کو للکارا ہے، ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قاعدے اور قانون میں پاکستان کے دشمن کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

20 فروری 2018 کی اس تصویر میں وزیر دفاع خواجہ آصف روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک تقریب میں شریک ہیں (اے ایف پی)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نو مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کو کڑی سزا دیے جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے فوج کی تنصیبات پر حملہ کیا اور جنہوں نے پاکستانی فوج کو للکارا ہے، ان کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو پاکستان کے دشمن کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے، جن کے دوران فوجی تنصیبات اور یادگاروں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا نام لیے بغیر کہا: ’نو مئی کو ایک شخص نے اپنے اقتدار کے لیے پاکستان کی اساس پر حملہ کیا، پاکستان کی مٹی سے رشتے کو چیلنج کیا۔‘

بقول خواجہ آصف: ’ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے، وہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے، جی ایچ کیو پر حملہ ہندوستان کے مقاصد میں شامل ہے۔ جب ایک ٹولہ اٹھ کر ان مقدس یادگاروں پر حملے کرے، جن لوگوں نے پاکستان کے لیے سب کچھ لٹایا تو ان کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی، ان قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس وقت بھی ہماے سپاہی وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنا خون بہا رہے ہیں، یہ رشتہ اگر کوئی توڑے گا تو وہ پاکستان کا ساتھی، حب الوطن نہیں ہوسکتا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے کہا: ’میں کبھی کسی کی وفاداری پر شک نہیں کرتا لیکن نو مئی کے واقعات اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ جنہوں نے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، مجھے ان کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے کے اوپر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔‘

بقول خواجہ آصف: ’اقتدار سیاست دانوں کے پاس آتا جاتا رہتا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے پاس کئی مرتبہ اقتدار آیا اور کئی مرتبہ اقتدار چھنا لیکن ہم نے افواج پاکستان کے رشتے کو سوالیہ نشان کبھی نہیں بنایا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزیر دفاع نے کہا: ’یہی وقت ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کے ساتھ اظہار تشکر کرے اور اس بندھن، اس رشتے کو مزید مضبوط بنائے۔‘

نو مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہفتے کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق لاہور کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقعے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’سانحہ نو مئی میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کارروائی شروع ہو چکی ہے۔‘

اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا: ’ہم کسی کے بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، ان کی حفاظت کی جا رہی ہے، لیکن وہ لوگ جن کی فوٹیج موجود ہے، جن کی شناخت موجود ہے کہ وہ ان تنصیبات پر حملہ کر رہے تھے، ان پر مقدمہ ان (فوجی) عدالتوں میں چلایا جائے گا۔‘

بقول خواجہ آصف: ’کسی سیاسی مقصد کے لیے آئین اور قانون کا استعمال نہیں ہوگا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان