پشاور میں ’چرسی تکہ‘ کے مالک عوامی شکایات پر گرفتار: پولیس

چرسی تکہ کے گرفتار مالک نثار خان کے صاحبزادے زبیر کا کہنا ہے کہ ان کے والد بےقصور ہیں۔

سات اگست، 2022 کی اس تصویر میں پشاور پولیس کا اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہے(اے ایف پی)

خیبرپختونخوا کے ضلع پشاور میں واقع مشہور ’چرسی تکہ ہاؤس‘ کے مالک کو فحاشی اور غیر اخلاقی حرکات کے الزامات کے تحت ایک روز پولیس کی تحویل میں رکھنے کے بعد سول عدالت بھجوا دیا گیا ہے۔

پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 294 (اے) فحاشی اور غیراخلاقی حرکات سے متعلق ہے۔

کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے اپنے مستند فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے چرسی تکہ کے مالک نثار خان کو گرفتار کیا ہے۔ پوسٹ میں مزید لکھا ہے کہ ’قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔‘

تھانہ شاہ قبول کے سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) قاضی نثار احمد نے بتایا کہ ’ملزم کو عوامی شکایات پرغیر ملکی خواتین سیاحوں کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کے سبب گرفتار کیا گیا ہے۔

’پولیس نے اپنی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جبکہ میجسٹریٹ کی جانب سے کوئی فیصلہ ابھی تک نہیں آیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایس ایچ قاضی نثار نے مزید بتایا کہ ’غیر ملکی خواتین کی اجازت کے بغیر ان کو چھوا گیا، جس پر علاقے کے عوام طیش میں آگئے۔‘

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی غیر مہذب ویڈیوز اور تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ڈالتے رہے ہیں، جس میں وہ خود غیر اخلاقی حرکات کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق: ’غیر ملکی خواتین کے ساتھ بغلگیر ہوکر اور انہیں چھونے کی تصاویر ملزم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پبلک کیں جس پر سوشل میڈیا صارفین بھی غم وغصے کا اظہار کر رہے ہیں۔‘

تھانہ محرر عادل زیب نے انڈپینڈنٹ اردو کو ایف آئی آر کے حوالے سے بتایا کہ ’مشہور تکہ ہاؤس میں غیر ملکی خواتین کے ساتھ نازیبا حرکات کے بعد کافی عوامی شکایات انسپیکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) شکایات سیل میں درج ہوئیں۔ اس سے پہلے بھی ان پر غیر اخلاقی حرکات کا الزام لگا تھا اور شکایات موصول ہو رہی تھیں۔‘

واقعے کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے انڈپینڈنٹ اردو نے چرسی تکہ کے گرفتار مالک نثار خان کے صاحبزادے زبیر سے بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے والد بےقصور ہیں۔

’میرے والد پر بے جا تنقید کی گئی اور ان پر شکایات درج کرائی گئیں۔ میں آج صبح سے بھاگ دوڑ کررہا ہوں۔‘

انہوں نے اس حوالے سے مزید کچھ تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

ضلع پشاور کے مشہور علاقے نمک منڈی میں واقع ’نثار چرسی تکہ‘ سب سے پہلا تکہ ہاؤس تھا جس نے پاکستان بھر میں مقبولیت حاصل کر لی تھی۔

اسی مقبولیت کی وجہ سے نہ صرف پاکستانی بلکہ اس صوبے کا دورہ کرنے والے غیرملکی سیاح بھی بصد شوق آتے ہیں اور کھانوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان