ہنگو: دوآبہ پولیس کی مسجد میں دو خودکش حملے، تین اموات

خیبرپختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ کے پولیس سٹیشن کی مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران دو خودکش دھماکے ہوئے۔

دوآبہ پولیس سٹیشن کے انچارج سید رحمٰن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ دھماکہ جمعے کی نماز کے خطبے کے دوران ہوا جس سے مسجد کی چھت گر گئی(تصویر: الخدمت فاؤنڈیشن)

صوبہ خیبرپختونخوا کے حکام کا کہنا ہے کہ ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ کے پولیس سٹیشن کی مسجد میں جمعے کے خطبے کے دوران دو خودکش دھماکے ہوئے جن میں اب تک تین اموات کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر ہنگو فضل اکبر کے مطابق آج نماز کے دوران دو خودکش حملے ہوئے۔ ایک دھماکہ مسجد کے گیٹ پر ہوا جس کی وجہ سے نمازی باہر چلے گئے۔

ان کے مطابق ’ریسکیو کا عملہ اور ایمبولینسز وقت پر پہنچ گئی تھیں۔ ضلع بھر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔‘

ہنگو پولیس کے ضلعی سربراہ کے دفتر کے ترجمان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’دھماکہ پولیس سٹیشن کے اندر مسجد میں ہوا اور مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔‘

جبکہ ڈی پی او نثار احمد کے مطابق دھماکہ میں 12افراد زخمی ہیں۔ دھماکے سے تھانہ کے اندر مسجد مکمل زمین بوس ہوچکی ہے۔

دوآبہ پولیس سٹیشن کے انچارج سید رحمٰن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’دھماکہ جمعے کی نماز کے خطبے کے دوران ہوا جس سے مسجد کی چھت گر گئی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا کہ ’ملبے تلے دبے نمازیوں کو نکالا جا رہا ہے اور ابھی تک دھماکے میں جان سے جانے والوں اور زخمیوں کے بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔‘

ریسکیو خیبر پختونخوا کے مطابق ’نماز کے وقت مسجد میں 40 سے 50 افراد موجود تھے۔‘

ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ہنگو دھماکے میں تین اموات کی تصدیق ہو چکی ہے اور دھماکے کی جگہ پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ بیک اپ دینے کے کوہاٹ سے بھی ٹیمیں بلائی گئی ہیں۔‘

ریسکیو حکام کے مطابق ’دوآبہ دھماکے کے چھ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے۔‘

ریسکیو ترجمان کے مطابق ’سرچ اور ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔‘

حکام نے بتایا کہ دوآبہ مسجد میں دھماکے کے چھ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جارہا ہے۔ ریسکیو 1122 کی چھ ایمبولینسز اور ایک ریسکیو ویکل امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان