قدیہ شہر تفریح، کھیلوں اور ثقافت کا عالمی مرکز: سعودی ولی عہد

قدیہ شہر کے پرکشش مقامات میں گیمنگ اینڈ سپورٹس ڈسٹرکٹ، موٹر سپورٹس ریس ٹریک، گولف کورس، ایک بڑا واٹر پارک اور تھیم پارک شامل ہوں گے۔

قدیہ شہر کے منصوبے سے سوا تین لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے(تصویر بشکریہ قدیہ فیس بک اکاؤنٹ)

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ دارالحکومت ریاض کے قریب تعمیر ہونے والے قدیہ شہر کا مقصد اسے تفریح، کھیلوں اور ثقافت کا ایک عالمی مرکز بنانا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے، جو قدیہ انوسٹمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ بھی ہیں، کہا کہ شہر کے قیام سے مملکت کو اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہر مملکت کو دنیا کی 10 سرفہرست معیشتوں میں شامل کرنے اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

ولی عہد کے مطابق قدیہ میں سرمایہ کاری سعودی وژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد سعودی معیشت کو ترقی دینا، اسے متنوع بنانا، تیل کی آمدنی پر ملکی انحصار کم کرنا اور سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق قدیہ شہر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کے تحت تعمیر ہونے والے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے، جس کا تصور سیاحت اور اقتصادی اہداف حاصل کرنے اور رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

توقع ہے کہ اس شہر کی تعمیر سے مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

2019 میں اس شہر کے تعمیراتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی گئی اور تقریباً 10 ارب ریال سے اس منصوبے پر کام شروع ہوا۔

قدیہ شہر کو ’کھیلوں‘ کی برانڈنگ کے ساتھ پیش کیا جائے گا جس کی بنیاد کئی دہائیوں کی اس تحقیق پر مبنی ہے کہ کھیل علمی ترقی، جذباتی اظہار، سماجی مہارت، تخلیقی صلاحیتوں اور جسمانی صحت کے لیے کتنے اہم ہیں۔

کئی مطالعات سے معاشرے میں تفریحی سرگرمیوں کے مثبت اثرات کو بھی ثابت کیا گیا ہے جن میں اختلافات پر قابو پانے اور لوگوں کے درمیان تقسیم کو ختم کرنے اور ہمدردی اور سماجی ہم آہنگی کو بڑھانا کی صلاحیت جیسے اثرات شامل ہیں۔

قدیہ شہر کو بے مثال تفریح، کھیلوں اور سماجی سرگرمیوں، ثقافت اور غیر معمولی شہری زندگی کے ذریعے یہاں کے رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے لامتناہی تفریح اور جوش و خروش فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں 360 مربع کلومیٹر پر محیط رقبے پر چھ لاکھ افراد کے لیے 60 ہزار عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔

اس منصوبے سے سوا تین لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونے، سالانہ 135 ارب ریال کی جی ڈی پی اور سالانہ 48 ملین سیاحوں کو راغب کرنے کی توقع ہے۔

ریاض کے مرکز سے تقریباً 40 منٹ کے فاصلے پر واقع تویق پہاڑوں کے شاندار مناظر کے پس منظر میں قدیہ شہر کے پرکشش مقامات میں گیمنگ اینڈ سپورٹس ڈسٹرکٹ، ایک موٹر سپورٹس ریس ٹریک، گولف کورس، ایک بڑا واٹر پارک اور سکس فلیگ قدیہ تھیم پارک شامل ہوں گے۔ 

یہاں سپورٹس سٹیڈیمز بھی ہوں گے جن میں دنیا کا سب سے بڑا اولمپک میوزیم بھی شامل ہے۔ توقع ہے کہ کھیلوں کے یہ مراکز دو سال کے اندر کھل جائیں گی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا