ہانگ کانگ کی ہوائی کمپنی کیتھے پیسیفک نے منگل کو کہا کہ جاپان کے ایک ایئرپورٹ پر اس کے ایک جہاز کو ٹیکسی کرتے ہوئے ایک کورین ایئرلائن کے جہاز نے ’ٹکر‘ مار دی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کیتھے پیسیفک نے ایک بیان میں کہا: ’کیتھے پیسیفک کے ایک جہاز کو نیو چیٹوز ایئرپورٹ پر آج (16 جنوری) کو حادثہ پیش آیا۔ ہمارا طیارہ، جو اس وقت حرکت نہیں کر رہا تھا اور اس میں کوئی عملہ یا مسافر نہیں تھے، کو ایک کورین ایئر اے330 نے ٹکر ماری جو (ٹیکسی) پاس سے گزر رہا تھا۔‘
جاپان بورڈکاسٹنگ کارپوریشن (این ایچ کے) نے رپورٹ کیا کہ کورین ایئر کے طیارے میں اس وقت 280 مسافر اور عملے کے افراد موجود تھے۔
#BREAKING A Cathay Pacific flight has crashed with a Korean Air flight at New Chitose Airport in Japan at around 5.30 pm local time. #北海道 #新千歳空港 pic.twitter.com/IcKpNxj9Xk
— Ifeng News (@IFENG__official) January 16, 2024
دی انڈپینڈنٹ نے رپورٹ کیا کہ فائر ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور کوئی آگ لگنے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔
دو ہفتوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے کیونکہ ٹوکیو کے ہانیدا ایئر پورٹ پر جہازوں میں ٹکر کے بعد کم از کم پانچ اموات ہوئی ہیں۔
دو جنوری کو ایک جاپان ایئرلائنز کے جہاز کو آگ لگ گئی جب اس کی ایک کوسٹ گارڈ ایئرکرافٹ سے رن وے پر ٹکر ہوئی تھی، اس حادثے میں 367 مسافروں اور 12 عملے کے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا تاہم کوسٹ گارڈ جہاز کے عملے کے پانچ افراد جان سے چلے گئے۔