کراچی: فلیٹ سے چینی شہری کی کئی روز پرانی لاش برآمد

ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ چینی شہری کی شناخت 55 سالہ چین شپنگ کے نام سے ہوئی ہے، جو اَپر گزری کے ایک فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر اور آن لائن کام کرتے تھے۔

29 مئی 2020 کی اس تصویر میں چھیپا سروس کی ایک ایمبولینس کو دیکھا  جاسکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

کراچی پولیس کے مطابق کلفٹن کے علاقے گزری کے ایک فلیٹ سے جمعے کو ایک چینی شہری کی کئی روز پرانی تعفن زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

سٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کلفٹن اعظم راجپر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: ’گزری میں واقع فلیٹ کے مکینوں نے شدید تعفن پر پولیس کو مطلع کیا جس پر نفری نے وہاں پہنچ کر پہلے دروازہ کھٹکھٹایا اور نہ کھلنے پر اسے توڑ دیا۔ فلیٹ کے اندر ایک غیر ملکی شہری کی کئی روز پرانی لاش موجود تھی، جس سے تعفن اٹھ رہا تھا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ ساجد سدوزئی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’چینی شہری کی شناخت 55 سالہ چین شپنگ کے نام سے ہوئی ہے، جو اَپر گزری کے ایک فلیٹ میں تنہا رہائش پذیر اور آن لائن کام کرتے تھے۔‘

انہوں نے بتایا کہ جمعے کی شام علاقہ مکینوں نے پولیس کو شکایت کی کہ فلیٹ سے تعفن اٹھ رہا ہے، جس پر کلفٹن پولیس نے موقعے پر پہنچ کر دیکھا کہ دروازہ اندر سے بند ہے۔ پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر جاکر دیکھا کہ چینی شہری کی لاش بستر پر پڑی تھی، جس کے بعد فوری طور پر کرائم سین کی ٹیم کو بلایا گیا، جس نے موقعے پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے۔

ایس ایس پی ساجد سدوزئی کے مطابق: ’چینی شہری فلیٹ کے کسی مکین سے بات چیت نہیں کرتے تھے اور اپنے کام سے کام رکھتے تھے، وہ دو سال سے اسی فلیٹ میں رہائش پذیر تھے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کو دستیاب کرائے نامے کے مطابق چینی شہری یکم اپریل 2020 سے گزری کے فلیٹ میں مقیم تھے، تاہم وہ کراچی میں کب سے مقیم تھے، اس حوالے سے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔

پولیس نے جناح ہسپتال سے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد چینی شہری کی لاش کو سرد خانے منتقل کردیا۔

پولیس سے حاصل کردہ میڈیکولیگل رپورٹ کے مطابق متوفی کے جسم پر کسی قسم کا کوئی نشان نہیں ہے اور لاش تقریباً پانچ سے چھ دن پرانی ہے۔

اس ضمن میں پولیس نے وزارت خارجہ اور چینی سفارت خانے کو بھی مطلع کر دیا ہے تاکہ لاش کی وطن واپسی یا آخری رسومات کے حوالے سے مزید کارروائی جلد از جلد عمل میں لائی جاسکے۔

انڈپینڈنٹ اردو نے بھی واقعے کے حوالے سے تبصرے کے لیے چینی قونصل خانے سے رابطہ کیا ہے اور ان کا جواب موصول ہوتے ہی اسے رپورٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان