صدر سے ملاقات کے بعد سعودی وزیر دفاع کا دورہ مکمل، وطن روانہ

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیر دفاع خالد بن سلمان اور پاکستانی صدر آصف علی زرداری کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان پاکستانی صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں ایوان صدر میں 23 مارچ 2024 کو ملاقات کر رہے ہیں (ایس پی اے)

سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، تزویراتی اور دفاعی تعاون مضبوط ہے، دونوں ممالک کو اسے مزید گہرا کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

پاکستان کے سرکاری ریڈیو کے مطابق ہفتے کو ایوان صدر میں آصف علی زرداری سے ملاقات میں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سعودی عرب علاقائی خوش حالی پر یقین رکھتا ہے اور اقتصادی انضمام کو بڑھانے میں کامیاب ہوا ہے۔

صدر پاکستان نے سعودی وزیر دفاع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدت پر مبنی ہیں۔

انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ بھی ادا کیا۔

صدر پاکستان نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کی قیادت اور ولی عہد محمد بن سلمان کے سعودی عرب کو قابل ذکر ترقی کی طرف لے جانے کے وژن کی تعریف کی۔

دوسری جانب سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے سعودی وزیر دفاع کی اعلی پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کی تفصیل کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خالد بن سلمان اور آصف علی زرداری کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان نے نشان پاکستان سے نوازے جانے پر صدر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور خادم حرمین شریفین، سعودی عرب کے شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران انہوں نے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور انہیں مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر دفاع کی ہفتے کو اسلام آباد میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے جس میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے ملاقات کے بعد سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ہفتے کو راولپنڈی میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور وہ ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔

شہزادہ خالد بن سلمان اپنے ایک روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر وطن واپس روانہ ہو گئے۔ نور خان ایئر بیس پر آرمی چیف نے انہیں الوداع کیا۔

 

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان