انڈیا ہیٹ ویو: خبریں پڑھتی ٹی وی میزبان بے ہوش

مغربی بنگال میں اینکر لوپامدرا سنہا بلیٹن (خبرنامہ) پڑھ رہی تھیں جب ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور وہ بے ہوش گئیں جبکہ کیمرے چلتے رہے۔

تین مئی، 2022 کو انڈیا کے شہر نئی دہلی میں شدید گرمی کے دن کے دوران رہائشی ٹینکر سے پینے کا پانی جمع کرتے ہوئے(اے ایف پی)

انڈیا کا بڑا حصہ شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ایسے میں ایک ٹی وی میزبان براہ راست ٹیلی ویژن نشریات کے دوران بے ہوش ہو گئیں۔

سرکاری ڈی ڈی نیوز کی مغربی بنگال میں اینکر لوپامدرا سنہا بلیٹن (خبرنامہ) پڑھ رہی تھیں جب ان کی طبیعت خراب ہونا شروع ہوئی اور وہ بے ہوش گئیں جبکہ کیمرے چلتے رہے۔

اپنی فیس بک (آئی ڈی) پر اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ وہ نشریات سے پہلے ٹھیک محسوس نہیں کر رہی تھیں لیکن ٹیلی کاسٹ کے دوران خود کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے پانی کی بوتل ساتھ رکھ لی۔

انہوں نے بنگالی زبان میں ریکارڈ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ ’براہ راست خبروں کے دوران، میرا بلڈ پریشر بہت کم ہو گیا، میں بے ہوش ہو گئی۔ میں کافی عرصے سے بیمار محسوس کر رہی تھی۔ میں نے سوچا تھا کہ تھوڑا سا پانی پینے سے یہ ٹھیک ہوجائے گا۔‘

تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں پانی پینے کا موقع ہی نہیں ملا اور بالآخر ’آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔‘

ستم ظریفی یہ ہے کہ سنہا پہلے دو حصے مکمل کرنے کے بعد بلیٹن کا ہیٹ ویو پر مشتمل حصہ پڑھتے ہوئے بے ہوش ہوئیں۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ’میں نے سوچا کہ میں بقیہ چار خبریں ختم کر لوں گی۔ میں نے کسی طرح دو مکمل کیں۔ نمبر تین ہیٹ ویو کی (خبر) تھی۔ اسے پڑھتے ہوئے، آہستہ آہستہ میری طبیعت خراب ہونا شروع ہوگئی تھی۔ میں نے سوچا کہ ختم کر لوں گی اور اپنے آپ کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن میں ایسا نہیں کر سکی۔

’اس خبر کے دوران، میں مزید دیکھ نہیں پا رہی تھی۔ ٹیلی پرمپٹر (لکھی تحریر) مدھم پڑ گئی، اور میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔‘

انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ ٹی وی سٹوڈیو مکمل طور پر ایئر کنڈیشنڈ تھا لیکن اس دن اے سی کام نہیں کر رہا تھا اور سٹوڈیو کی لائٹس آن ہونے سے یہ گرم ہو گیا۔

انڈیا کے وفاقی محکمہ موسمیات نے انڈیا کے ان حصوں میں شدید ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے جہاں درجہ حرارت 42 سے 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا ہے۔

انڈیا کے اندر مارچ اور اپریل میں شدید گرمی پڑنا شروع ہوئی تھی، جس سے زرعی پیداوار پر بہت بڑا اثر پڑا تھا۔

اڑیسہ اور مغربی بنگال میں 22 اپریل تک ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر جانے کا امکان ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)



انڈین محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے اس مہینے کے اوائل میں کہا تھا کہ انڈیا میں اپریل اور جون کے درمیان دن کے وقت معمول سے زیادہ گرمی کا امکان ہے، جس سے غذائی اجناس کی قیمتیں کم کرنے کی حکومتی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہوگی۔

مسلسل تیسرے سال ہیٹ ویو ممکنہ طور پر گندم، سرسوں اور چنے کی پیداوار کو متاثر کر سکتی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ موسم گرما میں بجلی کی طلب رسد سے بڑھ سکتی ہے۔

انڈیا، جو دنیا کا دوسرا سب سے بڑا گندم پیدا کرنے والا ملک ہے، خاص طور پر ان اثرات کے لیے حساس ہے۔

شدید موسمی حالات کی وجہ سے مغربی بنگال حکومت کو ریاست کے سرکاری سکولوں میں 22 اپریل سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کرنا پڑا ہے۔ حکومت نے ضلعی انتظامیہ سے پانی کی قلت سے دوچار علاقوں میں پینے کے پانی کے ٹینکروں کا انتظام کرنے کو کہا ہے۔

اڑیسہ میں ہیٹ سٹروک کی وجہ پہلی موت کی خبر جمعہ کو ملی تھی۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے سپیشل ریلیف کمشنر کے دفتر کے ایک افسر کے حوالے سے بتایا کہ 62 سالہ لکشمی کانت ساہو کی 15 اپریل کو ہیٹ سٹروک سے موت ہوئی۔

عالمی سطح پر اس انتہائی گرمی کو جزوی طور پر النینو رجحان سے منسوب کیا گیا ہے۔ یہ آب و ہوا کی ایک قدرتی صورت حال ہے جس سے وسطی بحر الکاہل گرم اور عالمی موسمی پیٹرن تبدیل ہوتے ہیں۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات