علاقائی خطرات سے نمٹنا امریکہ، پاکستان کا مشترکہ مفاد ہے: امریکہ

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا: ’ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور شہریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی ان کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔‘

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل 30 اپریل 2024 کو محکمہ خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران (سکرین گریب/ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ یوٹیوب چینل)

امریکی محکمہ خارجہ نے منگل کو کہا ہے کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنا امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفاد میں ہے، جس کے حصول کے لیے واشنگٹن اسلام آباد کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

محکمہ خارجہ میں معمول کی بریفنگ کے دوران نائب ترجمان ویدانت پٹیل سے پوچھا گیا کہ واشنگٹن میں تعینات پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کی ضرورت پر بات کی ہے تو اس سلسلے میں امریکہ اور پاکستان کن اقدامات پر کام کر رہے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا: ’ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور شہریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی ان کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، جن سے قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کو فروغ ملے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی کے مسائل پر پاکستان کے ساتھ ہماری شراکت داری میں یقیناً انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر مکالمہ، انسداد دہشت گردی کی مضبوط صلاحیت کے لیے مالی اعانت، (مشترکہ) پروگراموں کی تیاری اور امریکہ اور پاکستان کے درمیان عسکری سطح پر رابطے شامل ہیں۔‘

امریکی قائم مقام انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس کے دورہ پاکستان کے دوران ان کی مصروفیات سے متعلق سوال کے جواب میں نائب ترجمان نے کہا کہ ’ہمیں توقع ہے کہ اسلام آباد میں وہ سینیئر پاکستانی حکام سے ملاقات اور علاقائی اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔‘

امریکہ کے قائم مقام انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس کی سربراہی میں آنے والے وفد نے دورہ پاکستان کے دوران منگل کو پاکستان کے قائم سیکرٹری خارجہ رحیم حیات قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزارت خارجہ نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر نتیجہ خیز گفتگو ہوئی۔ ’فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘

پاکستان میں آٹھ فروری 2024 کو عام انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کے قیام کے بعد جان باس امریکہ سے پاکستان آنے والے اعلیٰ ترین امریکی عہدیدار ہیں۔

ان کے اس دورے سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’اسلام آباد، پاکستان میں، انڈر سکریٹری باس پاکستانی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے تاکہ امریکہ اور پاکستان کی شراکت داری کے ایک حصے کے طور پر کئی علاقائی اور دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان