29 جولائی دن 9 بجے
پیرس اولمپکس کے منتظمین نے آلودگی کی وجہ سے دریائے سین میں ٹرائیتھلون ٹریننگ کا دوسرا دن بھی منسوخ کر دیا۔
اولمپک منتظمین نے پیرس میں ہونے والی بارشوں کے باعث دریائے سین کے آلودہ ہونے کے بعد پیر کو دریا میں ٹرائیتھلون ٹریننگ کے دوسرے دن کا سیشن منسوخ کر دیا۔
تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منتظمیں نے کہا کہ وہ ’پراعتماد‘ ہیں کہ تمغے کے لیے مقابلے 30 اور 31 جولائی کو شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔
ایک مشترکہ بیان میں پیرس اولمپکس کے منتظمین اور ورلڈ ٹرائیتھلون نے کہا کہ انہوں نے پیر کے تیراکی کے تربیتی سیشن کو منسوخ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ پانی کا معیار کافی آلودہ تھا۔
دوسری جانب پیرس اولمپکس میں پاکستانی تیراکوں کا سفر پہلے ہی مرحلے میں اختتام پذیر ہو گیا جہاں وائلڈ کارڈ انٹری کے ذریعے ایونٹ میں شریک احمد درانی اور خاتون تیراک آرا نبی مایوس کن کارکردگی کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔
اتوار کو ہونے والے مقابلے میں احمد درانی نے 200 میٹر فری سٹائل سوئمنگ میں ایک منٹ 58 سیکنڈز میں طے کیا جو ان کے قومی ریکارڈ ایک منٹ 55 سیکنڈ سے بھی بدتر کارکردگی تھی۔
احمد درانی 25 کھلاڑیوں میں آخری نمبر پر رہے جبکہ رومانیہ کے ورلڈ جونیئر ریکارڈ ہولڈر ڈیوڈ پوپو وجی ایک منٹ 45 سیکنڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔
پاکستان کی ایک اورتیراک جہاں آرا نبی بھی خواتین کی 200 میٹر فری سٹائل سوئمنگ میں دو منٹ 10 سیکنڈ میں یہ فاصلہ طے کر سکیں اور 30 سوئمرز کی فہرست میں 26ویں نمبر پر رہیں۔
28 جولائی رات 7 بجکر 45 منٹ
پیرس اولمپکس کے منتظمین نے اتوار کو افتتاحی تقریب کے حوالے سے معذرت کر لی ہے جبکہ منو بھاکر ایئر پسٹل مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پہلی انڈین خاتون شوٹر بن گئی ہیں۔
اولمپکس 2024 میں پہلے دن سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اتوار کو بھی بڑے مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں آسٹریلیا اب تک کل پانچ تمغوں کے ساتھ پہلے اور چین چار تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
’جرات مندانہ اور نرالی افتتاحی تقریب پر معذرت‘
پیرس اولمپکس کے منتظمین نے اتوار کو کہا کہ وہ اپنی ’جرات مندانہ اور نرالی افتتاحی تقریب‘ کی وجہ سے ہونے والے کسی بھی تکلیف پر ’واقعی معذرت خواہ‘ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد یا نیت ’کسی بھی مذہبی گروہ کی دل آزاری‘ کرنا نہیں تھا۔
کچھ کیتھولک گروہوں اور فرانسیسی بشپس نے جمعے کو تھیٹر ڈائریکٹر تھامس جولی کی کوریوگرافی میں ’میسحی عقائد کے لیے تضحیک آمیز مناظر‘ افتتاحی تقریب میں دکھانے کی مذمت کی ہے۔
یہ پرفارمنس ڈاونچی کی مشہور تصویر ’دی لاسٹ سپر‘ کے حوالے سے تھی۔
پیرس اولمپمکس 2024 کی ترجمان این ڈیسکیمپس نے اتوار کو صحافیوں کو بتایا کہ انتظامیہ کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا، ’اگر انجانے میں انہوں نے کوئی ایسا جرم کیا ہے، تو ہم یقیناً واقعی معذرت خواہ ہیں۔‘
پیرس اولمپکس میں انڈیا کا پہلا تمغہ
منو بھاکر اتوار کو 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیت کر اولمپکس تمغہ جیتنے والی پہلی انڈین خاتون شوٹر بن گئی ہیں۔
کوریا کی جن یی نے 10 میٹر ایئر پسٹل میں طلائی تمغہ حاصل کیا جبکہ ان کی ہم وطن کم ییجی نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انڈیا نے اس فتح کے بعد پیرس اولمپکس میں اپنا کھاتہ کھولا اور ملک نے اس کھیل میں 12 سال کے طویل انتظار کے بعد پہلا تمغہ حاصل کیا۔
آخری بار انڈیا نے اولمپکس میں شوٹنگ کا تمغہ 2012 کے لندن ایڈیشن میں جیتا تھا جہاں وجے کمار اور گگن نارنگ نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے تھے۔
فلسطینی باکسر وسیم ابو سال نے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں غزہ میں بچوں پر بمباری کی تصاویر پر مبنی شرٹ پہنی، جسے سیاسی بیانات پر سخت قوانین رکھنے والے اولمپک منتظمین کے لیے امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔
ابو سال ان دو پرچم برداروں میں سے ایک تھے جو جمعے کو دریائے سین کے کنارے فلسطینی وفد کی پریڈ میں شریک تھے۔
ان کی سفید قمیض پر جنگی طیاروں کی تصاویر تھیں جن میں وہ کھیلتے ہوئے بچوں پر میزائل برساتے دکھائی دے رہے تھے۔
ابو سال نے ہفتے کو اے ایف پی کو بتایا کہ ’یہ شرٹ فلسطین کی موجودہ تصویر کی نمائندگی کرتی ہے۔
’وہ بچے جو شہید ہو کر ملبے تلے مر گئے، وہ بچے جن کے والدین شہید ہو گئے اور خوراک کے بغیر ہیں۔‘
غزہ میں وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران غزہ میں کم از کم 39،258 افراد جان سے جا چکے ہیں۔
جنوبی کوریا کو شمالی کوریا قرار دینے پر انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کی معذرت
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے پیرس اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب کے دوران ہونے والی غلطی پر ہفتے کو معافی مانگ لی ہے جس میں جنوبی کوریا کے ایتھلیٹس کو غلط طور پر شمالی کوریا کے ایتھلیٹس کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جب جنوبی کوریا کا وفد فرانسیسی دارالحکومت میں دریائے سین سے گزررہا تھا تو انہیں شمالی کوریا کے سرکاری نام سے متعارف کرایا گیا: فرانسیسی زبان میں ’ریپبلک پاپولیر ڈیموکریٹک ڈی کورے‘، پھر انگریزی میں ’ڈیموکریٹک پیپلز ریپبلک آف کوریا۔‘
آئی او سی نے اپنے آفیشل کورین زبان کے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’ہم افتتاحی تقریب کی نشریات کے دوران جنوبی کوریا کی ٹیم کا تعارف کرواتے وقت ہونے والی غلطی پر معذرت خواہ ہیں۔‘
اس غلطی نے جنوبی کوریا میں ناخوشگوار ردعمل کو جنم دیا، جو ایک ثقافت اور تکنیکی مہارت رکھنے والا ملک ہے اور جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا کے ساتھ کشیدہ تعلقات رکھتا ہے۔
کورین سپورٹس اینڈ اولمپک کمیٹی نے ہفتے کے روز کہا کہ اسے آئی او سی کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس کے سربراہ تھامس باخ فون پر جنوبی کوریا کے صدر سے براہ راست معافی مانگنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ 2024 کے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے دوران کیے گئے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتی ہے جہاں جنوبی کوریا کے وفد کو شمالی کوریا کی ٹیم کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ادھر فرانس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے سیئول میں فرانسیسی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے جس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ یہ ناقابل فہم غلطی ہے۔
تقریب میں شمالی کوریا کو ملک کے سرکاری نام کے ساتھ صحیح طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔
دونوں کوریاؤں کے درمیان تعلقات گذشتہ کئی برسوں کی کم ترین سطح پر ہیں، شمالی کوریا نے روس کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط کیا ہے جبکہ جنوبی کوریا کو کچرے سے بھرے ہزاروں غبارے بھیجے ہیں۔
اس کے جواب میں سیئول کی فوج نے سرحدی لاؤڈ سپیکرز سے کے پاپ اور شمالی کوریا کی حکومت مخالف پیغامات نشر کیے اور حال ہی میں سرحدی جزیروں اور جزیرہ نما کوریا کو تقسیم کرنے والے غیر فوجی علاقے کے قریب براہ راست فائرنگ کی مشقیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔