منکی پاکس کی علامات کیا ہیں اور اس سے کیسے بچیں؟

ایم پاکس، چیچک جیسے وائرس کی فیملی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی علامات میں بخار، سردی لگنا اور جسم میں درد شامل ہیں۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے کوآرڈی نیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد نے ہفتے کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان میں منکی پاکس کا ایک کیس سامنے آیا ہے جو کہ خیبر پختونخوا میں رپورٹ ہوا۔

میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا: ’11 اپریل 2023 کو پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس سامنے آیا اور تب سے اب تک ملک میں منکی پاکس کے کل 11 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے صرف ایک مریض کی موت ہوئی۔‘

ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے یہ بھی بتایا کہ ’اس  مریض کے جان سے جانے کی وجہ منکی پاس نہیں تھی بلکہ اس شخص میں ایڈز کا وائرس موجود تھا جس نے ان کی قوت مدافعت اتنی کمزور کر دی کہ وہ بچ نہیں پائے۔‘

ہفتے کو دی گئی میڈیا بریفنگ میں وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر برائے صحت نے یہ بھی بتایا کہ جن لوگوں کا منکی پاکس کا ٹیسٹ مثبت آیا انہوں نے زیادہ خلیجی ریاستوں کا سفر کیا تھا۔

تاہم سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ منکی پاکس ہے کیا اور کے خلاف کیا احتیاطی تدابیر زیر استعمال لانی چاہییں۔

منکی پاکس کیا ہے؟

منکی پاکس یا ’ایم پاکس‘ سائنس دانوں نے 1958 میں اس وقت دریافت کیا، جب بندروں میں ’پاکس جیسی‘ بیماری پھیلی۔

کچھ عرصہ پہلے تک، انسانوں میں یہ بیماری وسطی اور مغربی افریقہ کے ان لوگوں میں دیکھی گئی جو متاثرہ جانوروں سے قریبی رابطے میں آئے۔

2022  میں پہلی بار اس وائرس کے جنسی تعلقات کے ذریعے پھیلنے کی تصدیق ہوئی اور اس نے دنیا بھر کے 70 سے زائد ممالک میں اس وبا کو جنم دیا۔

منکی پاکس کی علامات

ایم پاکس، چیچک جیسے وائرس کی فیملی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کی علامات میں بخار، سردی لگنا اور جسم میں درد شامل ہیں۔

اس بیماری کے زیادہ سنگین کیسز میں انسان کے چہرے، ہاتھوں، سینے اور جنسی اعضا پر زخم پیدا ہو جاتے ہیں۔

خود کو منکی پاکس سے کیسے بچائیں؟

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ویب سائٹ پر درج معلومات کے مطابق اگر آپ کے کسی جاننے والے میں ایم پاکس کی تشخیص ہوئی ہے یا اسے شک ہے تو ان کے ساتھ قریبی رابطے سے گریز کریں، بشمول جنسی رابطے کے۔

منکی پاکس کی علامات کو جانیں اور باقاعدگی سے اپنا چیک اپ کروائیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اگر آپ میں علامات ہیں تو ٹیسٹ کروانے کے انتظار کے دوران صحت سے متعلق مشورہ لیں اور خود کو الگ تھلگ رکھیں۔

ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ اگر ویکسین دستیاب ہے تو لازمی ویکسینیشن کروائیں۔ اپنے ماحول کو جراثیم سے پاک رکھیں اور ایسے شخص کی صحبت سے گریز کریں جو اس وائرس میں مبتلا ہے۔

اپنے علاقے میں ایم پاکس کے بارے میں آگاہ رہیں۔ جن لوگوں کے ساتھ آپ قریبی رابطے میں رہتے ہیں، خاص طور پر جنسی رابطے میں، ان سے اس مرض کے بارے میں کھل کر گفتگو کریں۔

دوسروں کو منکی پاکس سے کیسے بچائیں؟

ڈبلیو ایچ او نے بتایا ہے کہ متاثرہ فرد کو قرنطینہ کر دیں۔ علیحدہ باتھ روم استعمال کریں یا ہر استعمال کے بعد واش روم کو جراثیم کش کیمیکل سے صاف کریں۔

صابن اور پانی یا سینی ٹائزر سے بار بار ہاتھ صاف کریں۔ اکثر چھوئی جانے والی اشیا کو بار بار صاف کریں۔ جھاڑو لگانے اور ویکیوم کرنے سے گریز کریں۔

عالمی ادارہ صحت کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ذاتی استعمال کی اشیا جیسا کہ کپ، بستر، تولیہ اور الیکٹرانکس وغیرہ الگ الگ استعمال کریں۔

اپنے کپڑے خود دھوئیں۔ واشنگ مشین میں لے جانے سے پہلے کپڑوں کو پلاسٹک بیگ میں ڈالیں۔

کھڑکیاں کھلی رکھیں۔

یاد رکھیں، منکی پاکس متاثرہ فرد سے رابطے میں آنے کی وجہ سے پھیل سکتا ہے، لہذا احتیاط کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی صحت