انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈیا کی ریاست کیرالہ کے علاقے وائناڈ سے تعلق رکھنے والے رین سن ہوزے نامی شہری لبنان میں پیجر دھماکوں کے بعد سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ناروے کے حکام نے انہیں ان حملوں میں استعمال ہونے والے مواصلاتی آلات کی فروخت کے ساتھ جوڑتے ہوئے ان کے بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق ہوزے کئی سال قبل اعلیٰ تعلیم کے لیے ناروے منتقل ہوئے۔ کچھ عرصہ لندن میں کام کرنے کے بعد وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ اوسلو میں مقیم ہو گئے۔
ان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ لبنان میں ہونے والے دھماکوں سے ان کوئی تعلق نہیں اور وہ ان کی اچانک گمشدگی پر فکرمند ہیں۔
ہوزے کے ایک رشتہ دار نے بتایا: ’ہم روزانہ فون پر بات کرتے تھے لیکن گذشتہ تین دن سے ہوزے سے کوئی رابطہ نہیں ہو پایا۔ وہ ایک صاف گو اور دیانتدار شخص ہیں، اور ہم ان پر مکمل بھروسہ کرتے ہیں۔‘
ہوزے کی لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق انہوں نے تقریباً پانچ سال نارویجن میڈیا گروپ ڈی این میڈیا کے شعبہ ڈیجیٹل کسٹمر سپورٹ میں کام کیا۔ میڈیا گروپ کے مطابق اس کا ہوزے سے کوئی رابطہ نہیں۔
ہوزے نے 2022 میں مشاورتی کمپنی نورٹا گلوبل لمیٹڈ قائم کی جو بلغاریہ میں رجسٹرڈ ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے یورپی یونین سے باہر کی کاروباری سرگرمیوں سے ساڑھے چھ ہزار یورو (سات لاکھ 25 ہزار ڈالر) کا ریونیو حاصل کیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ناروے کی پولیس نے رین سن ہوزے کی بین الاقوامی تلاش کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
39 سالہ ہوزے گذشتہ ہفتے کاروباری سفر کے دوران امریکہ سے غائب ہو گئے تھے۔ وہ ایک بلغارین کمپنی کے بانی ہیں جو مبینہ طور پر پیجر سپلائی چین کا حصہ تھی۔
جب پولیس سے پوچھا گیا کہ ہوزے کو تلاش کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں، تو پولیس نے روئٹرز کو ای میل میں بتایا: ’کل، 25 ستمبر کو اوسلو پولیس کو پیجر کیس کے سلسلے میں ایک شخص کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی۔‘
پولیس نے مزید کہا کہ ’گمشدگی کا مقدمہ کھولا جا چکا ہے اور ہم نے متعلقہ شخص کا بین الاقوامی وارنٹ جاری کر دیا ہے۔‘
ناروے پولیس، کریپوس، جو بین الاقوامی درخواستوں کو دیکھتی ہے، نے روئٹرز کو ایسی درخواست بھیجنے کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
کریپوس کے ترجمان نے بتایا کہ جب کوئی شخص بیرون ملک لاپتہ ہو جاتا ہے، تو عام طور پر عالمی الرٹ یا ’ییلو نوٹس‘ جاری کیا جاتا ہے۔ تاہم حالات کے مطابق غیر ملکی ہم منصبوں سے بھی براہ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
انٹرپول فوری طور پر تبصرہ کرنے کے لیے دستیاب نہیں ہوئی۔
18 ستمبر بروز بدھ کو جب ہوزے سے پیجرز کے بارے میں فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور جب بلغارین کاروبار کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کال منقطع کر دی۔ بعد میں کی گئی متعدد کالز اور پیغامات کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔
ہوزے کے نارویجن آجر، ڈی این میڈیا گروپ، نے بتایا کہ وہ 17 ستمبر کو بوسٹن میں ایک کانفرنس کے لیے روانہ ہوئے اور کمپنی 18 ستمبر کے بعد ان سے رابطہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی۔ وہ گروپ کے سیلز ڈپارٹمنٹ میں کام کرتے ہیں۔
بلغاریہ کی کارپوریٹ رجسٹری کے مطابق ہوزے نے 2022 میں صوفیہ میں قائم کمپنی نورٹا گلوبل لمیٹڈ کی بنیاد رکھی۔
بلغاریہ نے کمپنی کے بارے میں تحقیقات کی کہ آیا پیجرز کی فراہمی میں اس کا کوئی کردار تھا، لیکن اسے کوئی ثبوت نہیں ملا کہ وہ پیجرز بلغاریہ میں بنائے گئے یا برآمد کیے گئے ہوں۔
ناروے کی سیکیورٹی پولیس (پی ایس ٹی) نے بھی ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ آیا ناروے کی ملکیت والی کوئی کمپنی پیجرز کی فروخت سے جڑی ہوئی ہے یا نہیں؟
گذشتہ ہفتے دو دن میں لبنان میں ہزاروں پیجرز اور واکی ٹاکیز جو حزب اللہ کے کارکن استعمال کرتے تھے، دھماکوں سے پھٹ گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد کی جان گئی اور ہزاروں زخمی ہوئے۔
یہ حملے بڑے پیمانے پر اسرائیل کے طرف سے کیے جانے والے سمجھے جا رہے ہیں تاہم اسرائیل نے اپنے کردار کی نہ تصدیق کی اور نہ تردید۔