سپین: لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو جوٹا بھائی سمیت کار حادثے میں چل بسے

28 سالہ ڈیوگو جوٹا کی شادی گذشتہ ماہ 22 جون کو ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثے کے وقت دونوں بھائی گاڑی میں اکیلے تھے۔

27 اپریل 2025 کی اس تصویر میں لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو ژوتا پریمیئر لیگ جیتنے کے بعد جشن مناتے ہوئے (روئٹرز)

سپین کی پولیس کو جمعرات کو کہا ہے کہ برطانوی فٹ بال کلب لیورپول کے کھلاڑی ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی آندرے سلوا سپین میں ایک حادثے میں اس وقت چل بسے، جب ان کی لیمبورگینی گاڑی سڑک سے پھسل کر آگ کی لپیٹ میں آ گئی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ہسپانوی سول گارڈ نے  تصدیق کی کہ ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی شمال مغربی شہر زامورا کے قریب مردہ حالت میں پائے گئے۔

حکام کے مطابق قریبی علاقے میں آگ پھیلنے کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کر لیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس اس حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے، جو مقامی وقت کے مطابق نصف شب کے بعد پیش آیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے میں کوئی دوسری گاڑی ملوث نہیں۔ دونوں لاشوں کا فرانزک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

تاحال واضح نہیں کہ گاڑی کون چلا رہا تھا۔ پولیس اس امکان پر بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ڈیوگو جوٹا اور ان کے 25 سالہ بھائی، جو دونوں پرتگالی کھلاڑی تھے، گاڑی میں اکیلے تھے۔

28  سالہ ڈیوگو جوٹا کی شادی گذشتہ ماہ 22 جون کو روتے کاردوسو سے ہوئی۔

شادی کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا: ’ہاں، ہمیشہ کے لیے۔‘

جوڑے کے تین بچے ہیں، جن میں سب سے چھوٹا گذشتہ سال پیدا ہوا۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Independent Urdu (@indyurdu)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لیورپول فٹ بال کلب نے ڈیوگو جوٹا اور ان کے بھائی کی سپین میں کار حادثے میں موت پر شدید صدمے کا اظہار کیا۔

لیورپول فٹ بال کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ ’لیورپول کلب ڈیوگو جوٹا کی المناک موت پر انتہائی صدمے میں ہے۔‘

مزید کہا گیا کہ ’کلب کو آگاہ کیا گیا کہ 28 سالہ کھلاڑی اپنے بھائی آندرے کے ساتھ سپین میں ایک ٹریفک حادثے میں جان سے گئے۔

’لیورپول اس وقت مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا اور درخواست کرتا ہے کہ ڈیوگو اور آندرے کے اہل خانہ، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کلب کے عملے کی پرائیویسی کا خیال رکھا جائے تاکہ وہ اس ناقابل تصور نقصان کا سامنا کر سکیں۔‘

کلب نے مزید کہا کہ ’ہم ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔‘

ڈیوگو جوٹا نے گذشتہ پانچ سال این فیلڈ میں گزارے اور گذشتہ انگلش پریمیئر لیگ جیتنے میں کلب کی مدد کی۔

خبر ملتے ہی پرستار این فیلڈ پہنچ گئے اور انہوں نے سٹیڈیم کے باہر سکارف، پھول اور گلدستے رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ڈیوگو جوٹا نے پرتگال کی طرف سے 49 بین الاقوامی میچ کھیلے اور 2017 میں انگلینڈ آنے سے پہلے وہ ایٹلیٹیکو میڈرڈ اور پورٹو کے لیے بھی کھیل چکے تھے۔

شاندار کارکردگی کی بدولت وہ تین سال بعد چار کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ (6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) میں لیورپول منتقل ہوئے، جہاں گول کرنے کی عمدہ صلاحیت کی بدولت وہ شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی بن گئے۔

ڈیوگو جوٹا نے لیورپول کے لیے 65 گول کیے اور 22-2021 کے سیزن میں لیگ کپ اور ایف اے کپ بھی جیتا۔

دوسری جانب ان کے بھائی آندرے سلوا پرتگال کے کلب پینافیل کی جانب سے نچلے درجے کے مقابلوں میں کھیلتے تھے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال