اسلام آباد: مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ہرن کے شکار پر مقدمہ درج

ترجمان وائلڈ لائف بورڈ کے مطابق نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ مینیجمنٹ ایکٹ کے شیڈول ون کے تحت بارکنگ ڈیئر تحفظ شدہ جانور ہے اور متعلقہ سیکشن کی خلاف ورزی کی صورت میں 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال کی قید ہو سکتی ہے۔

چھ مئی 2020 کو لی گئی اس تصویر میں، اسلام آباد وائلڈ لائف کا ایک گارڈ مارگلہ ہل نیشنل پارک کی ایک ہائکنگ ٹریل پر چل رہا ہے۔ (فاروق نعیم / اے ایف پی)

اسلام آباد وائلڈ لائف مینیجمنٹ بورڈ نے مارگلہ ہلز پر ایک ہرن کو گولی سے شکار کر کے ذبح کیے جانے کی فوٹیج سامنے آنے پر نوٹس لے کر ہفتے کو واقعے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔

مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تیندوے سمیت جنگلی ہرن اور دیگر نایاب نسل کے جانور پائے جاتے ہیں، جن کے شکار پر پابندی اور ان جانوروں کو تحفظ حاصل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہفتے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ نے قانونی کاروائی کے لیے درخواست متعلقہ تھانے میں جمع کروا دی، جس میں اسلام آباد نیچر کنزرویشن اینڈ وائلڈ مینیجمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت کاروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

ترجمان وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے مطابق ایکٹ کے شیڈول ون کے تحت بارکنگ ڈیئر تحفظ شدہ جانور ہے اور نیچر ایکٹ 2024 کے سیکشن 12.4(a)  اور 16.1 (a) کے تحت کاروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

قانون کے تحت متعلقہ سیکشن کی خلاف ورزی کی صورت میں 10 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ ایک سال کی قید بھی عائد کی جا سکتی ہے۔ ایکٹ کے سیکشن 23 کے تحت اگر کوئی جانور مردہ حالت میں بھی ہے تو وہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ درخواست بشیر عباسی، زین عباسی اور نامعلوم افراد کے خلاف درج کروائی گئی ہے۔

جمعے کو وائرل ہونے والی ایک فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص ہرن کے گلے پر چھری پھیر کر اسے ذبح کر رہا ہے، جس کے بعد اسے کندھے پر اٹھا کر سیاحوں کی گاڑی میں رکھ کر لے جاتے ہیں۔

اس واقعے پر سوشل میڈیا پر کافی غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔

صحافی احتشام عباسی نے لکھا: ’مارگلہ ہلز نیشنل پارک سے غیرقانونی طور پر شکار کیے گئے ہرن کو ذبح کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وائرلیس سیٹ اٹھائے نظر آنے والا شخص سی ڈی اے کا فاریسٹ گارڈ بتایا جا رہا ہے، جو خود ہرن ذبح کر کے دے رہا ہے اور ہرن بظاہر ٹھیک سے ذبح بھی نہیں ہوا۔ کوئی ایکشن لے گا؟‘

 

  ایک اور صحافی عبد الرؤف بزمی نے بھی واقعے کی ویڈیو پوسٹ کی۔

 

 

جنوری 2023 میں بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس وقت بھی اسلام آباد وائلڈ لائف پارک رینجرز نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی مشرقی سرحد پر جنگلی ہرن اور جنگلی مرغے کے شکار کی غرض سے آنے والے شکاریوں کے خلاف کارروائی کی تھی اور ان میں سے دو کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ غیر قانونی طور پر رائفلز رکھنے پر ایک لاکھ 20 ہزار جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان