شاپنگ میں مدد دینے والے مصنوعی ذہانت کے ’سپر ایجنٹس‘

امریکی ریٹیل کمپنی وال مارٹ کے یہ ایجنٹس صارفین، ملازمین، سپلائرز، فروخت کنندگان کی ضروریات کو پورا کریں گے۔

نو اپریل، 2025 کو صارفین کیلیفورنیا کے شہر سان لیاندرو میں واقع ایک وال مارٹ سٹور میں داخل ہو رہے ہیں (اے ایف پی)

وال مارٹ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ’سپر ایجنٹس‘ متعارف کرانے جا رہا ہے تاکہ صارفین کے خریداری کے تجربے کو بہتر بنایا جا سکے اور آن لائن خریداری میں اضافہ ہو۔

دنیا کی سب سے بڑی ریٹیل کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ایجنٹک اے آئی پر مبنی چار ایجنٹس متعارف کرائے گی۔ 
 
یہ ایجنٹس، جن میں مصنوعی ذہانت معاون کے طور پر کام کرے گی، بعض اوقات انسانی مداخلت کے بغیر بھی مخصوص گروپوں جیسے کہ صارفین، ملازمین، سپلائرز، فروخت کنندگان اور سافٹ ویئر ڈویلپرز کی ضروریات کو پورا کریں گے۔
 
کمپنی کے مطابق یہ سپر ایجنٹس مستقبل میں اے آئی سے متعلق ہر قسم کے رابطے کا مرکزی ذریعہ ہوں گے، جب کہ کمپنی آن لائن فروخت کے میدان میں ایمازون جیسے حریف سے مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
 
وال مارٹ کے یو ایس چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہری واسودیؤ نے بدھ کو ایک ایونٹ کے دوران بتایا کہ جب ’سپارکی‘ مکمل طور پر ’سپر ایجنٹ‘ میں تبدیل ہو جائے گا تو وہ صارفین کی پہلے خریدی گئی اشیا کو دوبارہ آرڈر کرنے، تقریبات کی منصوبہ بندی کرنے اور یہاں تک کہ ان اشیا کی بنیاد پر تراکیب تجویز کرنے کے قابل ہو گا جو پہلے سے صارف کے گھر میں موجود ہوں گی۔
 
 
وال مارٹ ’ایسوسی ایٹ‘ سپر ایجنٹ بھی متعارف کرانے کا منصوبہ رکھتا ہے جو ملازمین اور کارپوریٹ سٹاف کو انتظامی امور انجام دینے میں مدد دے گا۔ فی الحال یہ ملازمین مختلف اے آئی ٹولز استعمال کر رہے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کمپنی ’مارٹی‘ نامی سپر ایجنٹ بھی تیار کر رہی ہے، جو فروخت کنندگان، سپلائرز اور مشتہرین کے لیے ہو گا۔ یہ ایجنٹ اکاؤنٹس کے اندراج، آرڈرز کی نگرانی اور اشتہاری مہمات کی تیاری جیسے امور کو آسان بنائے گا۔

کمپنی نے کہا کہ وال مارٹ ایک ’ڈویلپر‘ سپر ایجنٹ پر بھی کام کر رہا ہے جو مستقبل میں تمام اے آئی ٹولز کی جانچ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
 
وال مارٹ کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر سریش کمار نے کہا ’ایجنٹس ہمارے کام کے ہر پہلو کو خودکار اور آسان بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔‘
 
ان کے مطابق کمپنی نے یہ سپر ایجنٹس اس لیے متعارف کرانے کا فیصلہ کیا کیونکہ ’صارفین اب تیار ہیں، وہ پہلے ہی اپنی روزمرہ زندگی میں اے آئی کا استعمال کر رہے ہیں۔‘
 
کمپنی نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا یہ نئے سپر ایجنٹس ملازمتوں کی جگہ لیں گے یا نہیں۔
 
روئٹرز کی رپورٹنگ کے ساتھ

© The Independent

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی