پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال نومبر میں پاکستان میں تاریخ کی پہلی ٹی 20 انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کی میزبانی کا اعلان کیا ہے جس میں افغانستان اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔
یہ ایونٹ آئندہ سال انڈیا اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے اتوار کو جاری بیان میں کہا: ’ہم سری لنکا اور افغانستان کو پاکستان کی پہلی ٹی 20 ٹرائی سیریز کے لیے خوش آمدید کہنے کو تیار ہیں۔ یہ ایونٹ ورلڈ کپ کی تیاری کے ساتھ ساتھ شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔‘
13 روزہ اس سیریز کا آغاز 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہوگا۔ 19 نومبر کو اسی مقام پر افغانستان اور سری لنکا مدمقابل ہوں گے جبکہ اس کے بعد باقی پانچ میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ٹرائی سیریز میں تینوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف دو، دو میچز کھیلیں گی اور ٹاپ دو ٹیمیں 29 نومبر کو لاہور میں ہی فائنل کھیلیں گی۔
یہ افغانستان کی بھی پاکستان میں پہلی ٹی 20 سیریز ہوگی۔ اس سے قبل افغان ٹیم نے پاکستان میں پانچ ایک روزہ میچ کھیلے ہیں، جن میں دو میچ ایشیا کپ 2023 کے دوران اور تین میچ رواں سال چیمپئنز ٹرافی میں شامل تھے تاہم ان میں سے کوئی بھی میچ پاکستان کے خلاف نہیں تھا۔
پی سی بی کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر ٹی 20 میچ میں آمنے سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سیریز سے قبل پاکستان اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ، تین ایک روزہ اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کی بھی میزبانی کرے گا، جو 12 اکتوبر سے آٹھ نومبر تک جاری رہے گی۔
اس وقت شارجہ میں سہ ملکی سیریز جاری ہے جہاں پاکستان اور افغانستان کے سیریز کا فائنل آج (اتوار کو) شارجہ میں ہی کھیلا جا رہا ہے۔
ایشیا کپ بھی منگل (نو ستمبر) سے شروع ہو رہا ہے جس کا سب سے بڑا مقابلہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں دونوں ملکوں کی ٹیمیں مئی میں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد پہلی بار کرکٹ کے میدان میں آمنے سامنے آئیں گی۔
علاقائی برتری کے ساتھ ساتھ یہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ فروری، مارچ 2026 میں انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری میں بھی کردار ادا کرے گا۔
آٹھ ٹیموں کا یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو رہا ہے، جس کے دوران افغانستان ابوظبی میں کمزور حریف ہانگ کانگ سے کھیلے گا۔