پاکستان کی فلسطین کے لیے 23ویں امدادی کھیپ روانہ

پاکستانی این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق یہ 23ویں کھیپ ہے اور مجموعی طور پر 2,227 ٹن امداد روانہ کی جا چکی ہے۔

100 ٹن سامان پر مشتمل 23ویں امدادی کھیپ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کی جا رہی ہے (این ڈی ایم اے)

نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پیر کو فلسطین کے عوام کے لیے 100 ٹن سامان پر مشتمل 23ویں امدادی کھیپ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کر دی۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کھیپ الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے روانہ کی رہی ہے۔

پاکستان نے پچھلے کئی ماہ میں فلسطین کے لیے امدادی کھیپیں بھیج چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق یہ 23ویں کھیپ ہے اور مجموعی طور پر 2,227 ٹن امداد روانہ کی جا چکی ہے۔ حکومتی اور نجی فلاحی اداروں کی شراکت اس عمل کو ممکن بنا رہی ہے۔

غزہ میں گذشتہ کئی ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 65 ہزار سے زیادہ فلسطینی مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جب کہ مسلسل اسرائیلی جارحیت سے پٹی میں انسانی بحران شدید ہو چکا ہے۔

صحت کی سہولیات تباہ، خوراک اور پانی کی شدید قلت اور بنیادی ضروریات کی کمی نے لاکھوں فلسطینیوں کو متاثر کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں قحط کی صورت حال کا سامنا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے فوری جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی اپیلیں کی جا رہی ہیں مگر اسرائیلی بمباری کے باعث امدادی سامان کی ترسیل میں مسلسل مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکام نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یہ امداد روانہ کی گئی ہے جب کہ ضرورت کے مطابق مزید امدادی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

روانگی کی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ این ڈی ایم اے کے افسران، حکومتی نمائندے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ روانہ کیے گئے امدادی سامان میں راشن بیگز، آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ شامل ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ این ڈی ایم اے اور فلاحی اداروں نے سامان کی فوری روانگی کو یقینی بنانے میں جو کوششیں کی ہیں وہ قابل ستائش ہیں۔

ان کے بقول: ’پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔ غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔‘

سردار سلیم حیدر خان نے اسرائیل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’دنیا میں امن کے لیے خطرہ‘ بن چکا ہے اور غزہ و فلسطین کے شہری علاقوں میں بمباری انسانی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی کارروائیوں کو سختی سے نوٹس لے اور تمام اسلامی ممالک سے کہا کہ وہ مل کر فلسطین کا ساتھ دیں۔

گورنر نے مزید کہا کہ ’فلسطین کے معصوم بچوں اور بے گناہ انسانیت کو روزانہ کی بنیاد پر شہید کیا جا رہا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان