سعودی عرب میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں پاکستانی جیولن تھرور ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
اولمپیئن ارشد ندیم نے ریاض میں جاری اسلامی یکجہتی گیمز میں 83.05 میٹر کی تھرو کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 75.44 میٹر کا ہندسہ عبور کیا، دوسری باری میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
اسلامی یکجہتی کھیل ایک کثیر القومی کھیلوں کا ایونٹ ہے جو 2005 سے منعقد ہو رہا ہے۔ یہ کھیل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور اسلامی یکجہتی کھیلوں کی ایسوسی ایشن (ISSA) کے مشترکہ انتظام میں منعقد کیے جاتے ہیں، جن میں او آئی سی کے رکن ممالک کے ممتاز کھلاڑی مختلف کھیلوں میں حصہ لیتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آخری ایڈیشن 2022 میں ترکی کے شہر قونیہ میں منعقد ہوا تھا جبکہ موجودہ ایڈیشن 2025 میں ریاض، سعودی عرب میں منعقد ہو رہا ہے۔ سعودی عرب میں اس سے قبل یہ کھیل 2005 میں بھی منعقد ہوچکے ہیں۔
تیسری باری میں اولمپیئن نے 82.48 کی تھرو کی، چوتھی باری میں ارشد ندیم لمبی تھرو کرنے میں ناکام رہے جبکہ پانچویں باری میں فاؤل کی وجہ سے تھرو کو کاؤنٹ نہیں کیا گیا۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نےاس موقع پر ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے آج پھر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ ’ارشد ندیم کی جیت کھیل و امن سے محبت کرنے والے پاکستان کی فتح ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی خوش ہے اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت سپوت پر ناز ہے۔