بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان کی 14 برس بعد ڈھاکہ سے روانہ ہونے والی پہلی پرواز جمعرات کو کراچی میں لینڈ ہوئی، جہاں اس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کی شب 11 بجے کے قریب ڈھاکہ سے آنے والی افتتاحی پرواز کو واٹر سیلوٹ دیا گیا اور ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح کے استقبالیہ تقریب کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
تقریب میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ’ہفتے میں دو بار پروازیں (جمعرات اور ہفتہ) اب باقاعدہ طور پر آپریشنل ہیں۔‘ جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے بھائی چارے میں ایک ’نئے باب کا آغاز‘ ہے۔
Historic moment at Jinnah Int'l Airport! Pakistan Airports Authority warmly welcomes Bangladesh’s national carrier BIMAN on the arrival of its first flight from Dhaka to Karachi after 14 years. pic.twitter.com/1bcoN7eKUH
— Pakistan Airports Authority (@Pk_PAA_Official) January 29, 2026
یہ 2012 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی باقاعدہ مسافر پرواز تھی۔ براہ راست پروازوں کی بحالی کا اعلان گذشتہ برس اگست میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ڈھاکہ کے دورے کے دوران کیا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق ڈھاکہ سے رات آٹھ بجے روانہ ہونے والی اس پرواز کو بنگلہ دیش کے شہری ہوابازی اور سیاحت کے مشیر بشیر الدین، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر، وزارتِ شہری ہوابازی و سیاحت کے سیکریٹری، بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھارٹی کے چیئرمین اور بیمان بنگلہ دیش کے منیجنگ ڈائریکٹر/چیف ایگزیکٹو آفیسر نے رخصت کیا۔
14 برس کے وقفے کے بعد ڈھاکہ اور کراچی میں براہِ راست پرواز کی بحالی کو ’رابطوں کے فروغ اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ایک اہم سنگِ میل‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پرواز کی روانگی کے وقت منعقدہ کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہری ہوابازی اور سیاحت کے مشیر نے ڈھاکہ–کراچی روٹ کی اہمیت پر زور دیا، جو رابطوں میں اضافے، سیاحت کے فروغ اور عوام سے عوام کے تعلقات مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز مرحلہ وار پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی اور کرایوں میں کمی لائے گی تاکہ سفر کو عوام کے لیے مزید قابلِ استطاعت بنایا جا سکے۔‘
Historic moment at Jinnah Int'l Airport! Pakistan Airports Authority warmly welcomes Bangladesh’s national carrier BIMAN on the arrival of its first flight from Dhaka to Karachi after 14 years. pic.twitter.com/1bcoN7eKUH
— Pakistan Airports Authority (@Pk_PAA_Official) January 29, 2026
ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’بنگلہ دیش کے عوام پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس کے قدرتی حسن، ثقافتی ورثے اور متنوع کھانوں سے لطف اندوز ہوں گے۔‘
دوسری جانب پاکستانی ہائی کمشنر نے پرواز کے آغاز کو ممکن بنانے پر بنگلہ دیش کی حکومت، بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔