تائیوان کے ایک بزرگ شہری، جنہوں نے 11 فونز پر پوکے مون گو کھیل کر شہرت حاصل کی تھی، اب مزید فونز پر یہ ریئلٹی گیم کھیل رہے ہیں۔
چن سان یوآن نے پوکے مون گو کھیلنے کے لیے اپنی سائیکل پر 11 فونز نصب کیے تھے۔
پوکے مون گو کو جولائی 2016 میں لانچ کیا گیا تھا جس میں ایسی ڈیجیٹل مخلوق کو شامل کیا گیا ہے جس کو حقیقی دنیا کے مقامات سے جوڑا گیا ہے اور جنہیں کھلاڑی پکڑ سکتے ہیں، ان کی ٹریننگ اور ان کے ساتھ جنگ کرسکتے ہیں۔
چن کو ان کے پوتے نے اس کھیل سے اس وقت متعارف کرایا تھا جب ان کی عمر 66 سال تھی۔
چن نے ای ایف ای کو بتایا کہ ’یہ سب اس وقت شروع ہوا جب میری سالگرہ کے دن میرے بیٹے نے مجھے ایک موبائل تحفے میں دیا اور میرے پوتے نے مجھے پوکے مون گو کھیلنا سیکھایا۔ یہ ایک دریافت جیسا تھا۔‘
چن 2018 میں اس وقت انٹرنیٹ پر مشہور ہو گئے جب چھ سمارٹ فونز کے ساتھ ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا سائٹ ریڈڈ پر پوسٹ کی گئی تھی۔ اس وقت اسے 75200 اپ ووٹس مل چکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق چن کھیل پر ہر ماہ ایک ہزار پاؤنڈ سے زیادہ خرچ کرتے ہیں اور مسلسل 20 گھنٹے یہ گیم کھیل سکتے ہیں۔
چن کا ماننا ہے کہ اس کھیل سے انہیں دوست بنانے اور الزائمر کی بیماری کے اثرات سے نمٹنے میں مدد ملی ہے۔
2019 میں چن 24 فون استعمال کر رہے تھے جن میں سے 22 ان کی سائیکل سے منسلک تھے جبکہ دو ان کی جیب میں تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس شہرت کے بعد چن اب تائیوان کے سمارٹ فون برانڈ ASUS اور زین فون میکس پرو ایم ٹو کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں اور وہ انہیں کمپنیوں کے 20 فونز پر یہ گیم کھیلتے ہیں۔
چن بظاہر اپنی پرانی سائیکل پر 64 سمارٹ فونز منسلک کرنے کے لیے ایک نئی رگ استعمال کر رہے ہیں جب کہ مزید آٹھ فونز کے لیے سلاٹ خالی ہیں جس کے بعد موبائلز کی مجموعی تعداد 72 ہو جائے گی۔
چن نے تائیوان میں ایک قسمت کا حال بتانے والے اور فینگ شوئی کے ماہر کی حیثیت سے اپنے دن گزارے لیکن وہ شام کو یہ گیم کھیلنا کبھی نہیں بھولے۔
ڈیجیٹل مخلوق کو پکڑنے کے شوق کے باوجود وہ شاید ہی کبھی ان مخلوقات سے لڑتے ہیں کیونکہ وہ اپنی مسابقتی برتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دوسرے کھلاڑیوں کو زیر نہیں کرنا چاہتے۔
بہت سے فیس بک صارفین یہ جاننا چاہتے ہیں کہ چن کتنے فون استعمال کر رہے ہیں۔
صارفین تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ’وہ اوپر کی قطار میں لگے فونز تک کیسے پہنچ جاتے ہیں۔‘ ’اگر وہ بریک سے بہت تیزی سے ٹکرا جائیں تو کیا ہو گا؟‘ اور ’اگر مور نے اپنے پروں کو پھیلا دیا ہے۔‘
© The Independent