کنٹونمنٹ انتخابات کراچی: ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کو ووٹ کیوں نہ ملے؟

متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم کو اپنے سیاسی گڑھ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا (اے ایف پی/ فائل فوٹو)

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اتوار کو ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور شہر پر دو دہائیوں سے زائد راج کرنے والی متحدہ قومی موومنٹ یا ایم کیو ایم کو اپنے سیاسی گڑھ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 

کراچی پاکستان کا واحد شہر ہے جس میں کسی بھی ایک شہر میں سب سے زیادہ یعنی چھ کنٹونمنٹس ہیں۔ ان چھ کنٹونمنٹس میں سے کراچی کینٹ، کلفٹن، ملیر کینٹ، فیصل کینٹ، کورنگی کینٹ اور منوڑہ کینٹ شامل ہیں۔

ان میں سے کیٹیگری اے والے کینٹ کلفٹن، ملیر اور فیصل میں دس، دس وارڈ، کیٹیگری بی کے کراچی کینٹ اور کورنگی میں پانچ، پانچ وارڈ اور سی کیٹیگری کے منوڑہ میں دو وارڈز ہیں، جن کی 42 نشستوں پر اتوار کو الیکشن ہوئے۔ 

کلفٹن پی ٹی آئی کا سیاسی گڑھ سمجھا جاتا ہے، جہاں سے پی ٹی آئی نے گذشتہ انتخابات بھاری اکثریت سے جیتا تھا۔

پی ٹی آئی کے 50 سے زائد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کی رہائش بھی کلفٹن میں ہے۔ اس کے علاوہ گورنر سندھ اور صدر پاکستان بھی کلفٹن میں رہتے ہیں اور کلفٹن ان کا انتخابی حلقہ بھی ہے۔  

 اس کے باجود گذشتہ روز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کلفٹن کینٹ کی 10 میں سے چار نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں جبکہ تحریک انصاف صرف دو نشستیں لینے میں کامیاب ہوسکی ہے۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی نے دو جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے۔

کراچی پر دو دہائیوں سے زائد عرصہ تک راج کرنے والی ایم کیو ایم کو کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کی 42 نشستوں میں سے صرف تین ہی مل سکیں۔

ماضی میں فیصل کینٹ میں بھاری اکثریت رکھنے والی ایم کیو ایم اس حلقے سے ایک بھی نشست جیت نہ سکی جبکہ دس میں سے پی ٹی آئی نے چھ نشستیں جیت کر واضح برتری حاصل کر لی۔

ملیر کینٹ کی دس میں سے پانچ نشستیں تحریک انصاف کو ملیں جبکہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی نے دو، دو نشستیں جیتیں۔

منوڑہ کینٹ کی دونوں نشستوں پر پیپلز پارٹی کامیاب رہی جبکہ کورنگی کریک کینٹ کی پانچ میں سے دو نشستیں مسلم لیگ ن نے جیتیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی ایک، ایک نشست رہی۔ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی دو نشستوں پر ایم کیو ایم کامیاب رہی جبکہ ایک نشست پیپلز پارٹی کے نام رہی۔

ملک بھر سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 63 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ مسلم لیگ نے 59 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، پیپلز پارٹی نے 17 اور ایم کیو ایم پاکستان نے 10 نشستیں حاصل کیں۔

انتخابات کی رپورٹنگ پر مہارت رکھنے والے کراچی کے صحافی اور تجزیہ نگار عبدالجبار ناصر نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایم کیو ایم کراچی کے دو کینٹونمنٹس فیصل اور کراچی کینٹ میں ماضی میں بھاری اکثریت رکھتی تھی۔ مگر اس بار عوام ایم کیو ایم سے شدید مایوس تھی، اس لیے ووٹ نہیں دیا اور ایم کیو ایم کراچی سے صرف تین نشستیں حاصل کر سکی ہے۔‘

دوسری جانب حکمران جماعت پی ٹی آئی کے گڑھ میں شکست پر بات کرتے ہوئے عبدالجبار ناصر نے کہا کہ کلفٹن میں ترقیاتی کاموں کی اکثریت صوبائی حکومت کرتی ہے اور اس کے علاوہ کلفٹن کی عوام پی ٹی آئی سے مایوس ہے اس لیے ووٹر ٹرن آؤٹ بھی کم رہا۔

’ووٹرز نے پی ٹی آئی کو چھوڑ کر پی پی پی کو ووٹ دیا کہ ان کے پاس صوبائی حکومت ہے اور وہ علاقے میں ترقیاتی کام کرائیں گے۔‘ 

ملیر اور فیصل کینٹونمٹ سے متعلق ایک دلچسپ بات بتاتے ہوئے عبدالجبار ناصر نے کہا: ’ملیر اور فیصل کینٹس کے ان وارڈز جہاں حاضر سروس یا ریٹائرڈ فوجی رہتے ہیں، وہاں پی ٹی آئی کو اچھے ووٹ ملے۔ اس لیے پی ٹی آئی نے وہاں سے سیٹیں جیتیں۔‘ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست