ٹیسلا خراب ہوئی تو مالک نے ڈائنامائیٹ سے اڑا دی

فن لینڈ کے ایک شہری کی ٹیسلا گاڑی خراب ہوئی تو انہوں نے اسے ٹھیک کروانے کی بجائے ایک انتہائی قدم اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔

17 دسمبر ،2021کے ایک برفانی دن ٹیسلا کو ایک پہاڑی کے دامن میں کھڑا کر کے اس کے ساتھ درجنوں ڈائنامائیٹ لگائے گئے (Pommijätkät)

گاڑی خراب ہو جائے تو بڑی کوفت ہوتی ہے، خاص طور پر اگر اتنی بڑی خرابی نکل آئے جس کے خرچ سے ایک نئی گاڑی آ سکتی ہو۔

کچھ ایسا ہی فن لینڈ کے تومس کاٹینن کے ساتھ ہوا جنہوں نے بڑے چاؤ سے ایک استعمال شدہ ٹیسلا گاڑی خریدی اور وہ بھی اس کا مہنگا ماڈل ایس ورژن، لیکن ابھی گاڑی صرف 1500 کلومیٹر کے لگ بھگ ہی چلی تھی کہ اس کی بیٹری خراب ہوگئی۔

ویب سائٹ ’الیکٹرک ڈاٹ کو‘ کے مطابق جب انہوں نے کمپنی سے پتہ کروایا تو معلوم ہوا کہ نئی بیٹری پر 22 ہزار ڈالرز (تقریباً 39 لاکھ روپے) خرچ آئے گا۔ 

الیکٹرک گاڑیوں میں عام پیٹرول یا ڈیزل گاڑیوں کی طرح انجن نہیں ہوتا بلکہ اس میں ایک بہت سادہ سی ڈرائیو ٹرین ہوتی ہے۔ گاڑی میں موبل آئل بھی نہیں ڈلتا اور نہ ہی اس میں کاربوریٹر ہوتا ہے۔ 

اس کے علاوہ الیکٹرک گاڑیوں میں کلچ، گیئر اور ٹرانسمشن بھی نہیں ہوتی، نہ ہی ایگزاسٹ کا سسٹم ہوتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی دیکھ بھال نسبتاً آسان اور خرچ کم ہوتا ہے۔

لیکن کاٹینن کے ساتھ اس کے برعکس ہوا اور گاڑی خریدنے کے کچھ ہی عرصے بعد جب ان کے سر پر اتنا بھاری خرچ آن پڑا تو انہوں نے گاڑی ٹھیک کروانے کی بجائے اسے دھماکے سے اڑانے کا فیصلہ کر لیا۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے فن لینڈ کے ایک معروف یوٹیوب چینل سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ ان کی گاڑی تباہ کرنے کی ویڈیو بنائیں۔ 

اندھا کیا چاہے دو آنکھیں، چینل نے فوراً ہامی بھر لی اور جب کاٹینن نے گاڑی کے ساتھ ڈائنامائیٹ لگائے تو انہوں نے تمام مناظر کی ویڈیو مختلف زاویوں سے، بڑے اہتمام سے اور پروفیشنل طریقے سے بنائی۔ 

اب تک اس ویڈیو کو 26 لاکھ سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یوٹیوب پر ایک صارف ٹیمو ایس نے لکھا: ’صفر سے لے کر 60 میل فی کا تیز ترین سفر؟‘

اسی طرح ٹوئٹر پر کلفرڈ میتھو نامی صارف نے لکھا: ’جب ان کے فریج یا دوسری چیزیں خراب ہوتی ہیں تو وہ ان کے ساتھ بھی یہی سلوک کرتے ہیں؟‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی