لومڑی کو ’ناشتے میں گوشت‘ کھلانے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج

ملزم کی جانب سے لومڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لومڑی کو ایک درخت کے ساتھ باندھا گیا ہے اور وہ شخص اس کو گوشت کھلا رہا ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں محکمہ وائلڈ لائف نے چترال کے بونی علاقے کے رہائشی نیت جان کے خلاف لومڑی کو پکڑنے اور اس کے ساتھ ’بے رحمی‘ سے پیش آنے پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔

علاقے کے محکمہ وائلڈ لائف کے سربراہ الطاف علی شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اب ان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

الطاف علی شاہ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا وائلڈ لائف ایکٹ کی دفعہ نو کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی ایکٹ کی دفعہ نو جنگلی حیات کے غیرقانونی شکار اور اس کو پکڑنے کے حوالے سے ہے جو قانوناً جرم ہے۔

ملزم کے خلاف درج مقدمے (جس کی کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے پاس موجود ہے) میں لکھا گیا ہے کہ ملزم نے ایک لومڑی زندہ پکڑی اور اس کو رسیوں سے باندھے رکھا۔

ایف آئی آر کے مطابق ’ملزم نے لومڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی غیر قانونی طریقے سے شائع کی جس کے خلاف چالان مرتب کیا گیا۔‘

ملزم کی جانب سے لومڑی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی اپلوڈ کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لومڑی کو ایک درخت کے ساتھ باندھا گیا ہے اور وہ شخص اس کو گوشت کھلا رہا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویڈیو میں ملزم کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ لومڑی میں نے پکڑی ہے اور اب اس کو سرخ گوشت کا ناشتہ کھلا رہا ہوں کیونکہ یہ گوشت کے علاوہ کچھ بھی نہیں کھاتی۔‘

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم اپنے ہاتھوں سے لومڑی کو گوشت کے ٹکڑے کھلا رہا ہے۔ مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم نے ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں انہیں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ لومڑی ان کے گھر کے پاس آتی تھی۔

ملزم ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ ’جس رات لومڑی کو پکڑا تو میں نے اس کو گھر میں پڑی ران کا گوشت اس کو کھلایا ہے۔ میرا مطلب اس کے ساتھ ظلم کرنا نہیں تھا بلکہ میں نے سوچا کہ صبح اس کے ساتھ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کروں گا۔ میں جانوروں سے محبت کرنے والا ہوں۔‘

ملزم نے اپنی ویڈیو میں مزید کہا کہ ان کا مقصد اس جانور پر ظلم کرنا نہیں تھا۔ ’میں ان پڑھ بندہ ہوں تو قانونی چیزوں کا علم نہیں تھا کہ اس کا پکڑنا جرم ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان