برطانوی فٹ بال کلب میں تربیت کے لیے پاکستانی کوچ کی روانگی

جلد ہی 18 نوجوانوں پر مشتمل فٹ بال ٹیم بھی برطانیہ روانہ ہوگی جس میں کھلاڑیوں کی اکثریت لیاری ٹاؤن سے ہے۔

برطانیہ کے سوئنڈن فٹ بال کلب میں پروفیشنل فٹ بال سیکھنے کے لیے کراچی کے پہلے فٹ بال کوچ 10 فروری کو برطانیہ روانہ ہو رہے ہیں۔

جلد ہی 18 نوجوانوں پر مشتمل فٹ بال ٹیم بھی برطانیہ روانہ ہوگی جس میں کھلاڑیوں کی اکثریت لیاری ٹاؤن سے ہے۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن اور سوئنڈن فٹ بال کلب کے اشتراک سے کراچی کے 18 نوجوان کھلاڑیوں اور دو فٹ بال کوچز کو سوئنڈن کلب لے جانے کے لیے گذشتہ سال مارچ میں ٹرائل ہوئے تھے۔

تقریباً دو ہزار سے زیادہ بچوں میں سے ٹرائلز کے بعد 23 بچوں کو شارٹ لسٹ کرکے مئی 2022 سے ان کی تربیت شروع کی گئی۔ ان 23 میں سے 18 فٹ بالرز کی سلیکشن کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

سلیکٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی لیاری ٹاؤن کے علاقے بغدادی کے رہائشی محمد اذان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ جب انہوں نے اپنی سلیکشن کا گھر والوں کو بتایا تو ’گھر والوں نے خوشی سے نیاز بانٹی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی میں فٹ بال ٹیلینٹ کی تلاش میں گذشتہ سال سے کئی بار کراچی آنے والے سوئنڈن فٹ بال کلب کے کوچ ایلکس پائیک نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کے تمام اخراجات سوئنڈن کلب کی جانب سے ادا کیے جائیں گے۔

ایلکس پائیک کے مطابق: ’کوئی تعداد نہیں بتا سکتے کہ کتنے کھلاڑی منتخب کیے جائیں گے۔ اس سال مئی میں دوبارہ ٹرالز ہوں گے۔

’جب لڑکے اپنے گھر کے ماحول سے دور رہنے کے لیے نفسیاتی طور پر تیار ہوجائیں گے تو ان کو برطانیہ لے جا کر پروفیشنل فٹ بال سکھائی جائے گی۔‘

اس سکالرشپ میں فٹ بال کوچ کی حیثیت سے منتخب ہونے والے لیاری کے زبیر غلام رسول 10 فروری کو سوئنڈن کلب میں تربیت کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر غلام رسول نے بتایا: ’میں انگلینڈ جاکر پروفیشنل فٹ بال کوچنگ سیکھ کر کراچی کے بچوں کو سکھاؤں گا۔ اس لیے میں بہت خوش ہوں۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال